لیفٹیننٹ گورنر نے آئی آئی ایم جموں میںایم ایس ایم اِی سیکٹر میں

لیفٹیننٹ گورنر نے آئی آئی ایم جموں میںایم ایس ایم اِی سیکٹر میں

اِختر اع ، سرمایہ کاری اور صنعت کے فروغ پر نیتی آیوگ کے ورکشاپ میں شرکت کی

جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج آئی آئی ایم جموں میں ایم ایس ایم اِی سیکٹر میں اختراع، سرمایہ کاری اور صنعت کے فروغ پر منعقدہ نیتی آیوگ کے ورکشاپ میں شرکت کی۔اُنہوں نے اَپنے اِفتتاحی خطاب میں نیتی آیوگ، آئی آئی ایم جموں اور دیگرشراکت داروں کو ورکشاپ کے لئے پالیسی سازوں ، صنعتی ماہرین، کاروباری اَفراد اور دیگر رہنمائوں کو اِکٹھا کرنے کے لئے مُبارک باد دی جس کا مقصد جموںوکشمیر کی معیشت کے تین اہم شعبوں ٹیکسٹائل، فوڈ پروسسنگ اور سیاحت میں مواقع اور چیلنجوں پر غور و خوض کرنا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ایم ایس ایم ای سیکٹر کی ترقی کے لئے اِصلاحات پر ایسی مشاورت جموں و کشمیر میں مائیکرو، سمال اور میڈیم اَنٹرپرائزز پر وسیع اثر ڈالے گی۔ اُنہوں نے زور دیا کہ ایم ایس ایم اِی سیکٹر کے تمام شراکت داروں کے درمیان رابطے کو مضبوط بنایا جائے، اصلاحات کو بغیر کسی رُکاوٹ کے ہونا چاہیے اورپالیسی سازوں و کاروباری اَفراد کو شراکت دار کے طور پر کام کرنا چاہیے۔انہوں نے جموں و کشمیر کے چھوٹے اور مائیکرو کاروباری افراد کو مزید بااختیار بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا،’’ہم پُرعزم ہیں کہ ہماری صنعت بے خوفی کے ساتھ ترقی کرے۔ ہمیں فوڈ پروسسنگ شعبے میں مزید بہتری لانے، سیاحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے اور نئے سیاحتی مقامات کی ترقی کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت نے گزشتہ چند برسوں میں مقامی کاروبار کے فروغ اور صنعتی ترقی کے لئے اہم اصلاحات کی ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ نئی صنعتی سکیم کے تحت مراعات نے جموں و کشمیر کے صنعتی منظرنامے کو تبدیل کرنے میں نمایاں پیش رفت کی ہے جبکہ خطے میں امن و استحکام نے سیاحت اور مہمان نوازی شعبے میں براہ راست سرمایہ کاری میں بھی اِضافہ کیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’یہ جموں و کشمیر کے لئے باعثِ فخر ہے کہ ہینڈلوم سیکٹر کو بحال کیا گیا ہے اور بہتر مارکیٹ لنکیج کے ذریعے اس کی مصنوعات کو عالمی سطح پر پہچان ملی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ اِس شعبے میں ہمارے ایم ایس ایم ایز نئے چیلنجوں کا سامنا کریں گے اور نئے مواقع سے فائدہ اُٹھائیں گے۔‘‘اُنہوں نے نجی شعبے کے کردار کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سیاحتی سہولیات کی بہتری اور نئی سیاحتی جہتوں کے فروغ میں نجی سرمایہ کاری اہم کردار اَدا کر رہی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا،’’ترقی،فروغ پذیر کاروبار اور ایک مستحکم سیاحتی صنعت کے لئے امن ضروری ہے۔ ہم جموں و کشمیر میں’امن کے شراکت داروں‘کی تعداد میں اضافہ دیکھ رہے ہیں جو خطے میں مثبت تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے۔ جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے اور اس کا مستقبل بھی بھارت کے ساتھ ہے۔ دنیا کی کوئی طاقت جموں و کشمیر کو بھارت سے الگ نہیں کر سکتی۔‘‘یہ ورکشاپ نیتی آیوگ کے ریاستی ورکشاپ سیریز کا حصہ ہے جو سٹیٹ سپورٹ مشن کے تحت ایک اہم اقدام ہے۔اِس موقعہ پر چیف سیکرٹری اتل ڈولو ، نیتی آیوگ کے سینئر مشیر انوراگ گوئیل، سیکرٹری منصوبہ بندی ، ترقی و نگرانی محکمہ طلعت پرویز روحیلہ، ڈائریکٹر آئی آئی ایم جموں پروفیسر بی ایس سہائے سمیت مرکزی اور جموں و کشمیر حکومت کے سینئر اَفسران، کاروباری شخصیات اور ایم ایس ایم ای سیکٹر کے ماہرین موجود تھے۔