جموں//وزیربرائے تعلیم سکینہ اِیتو نے ایوان کو مطلع کیا کہ حکومت جموں و کشمیر میں نئے قائم ہونے والے ڈگری کالجوں کی بنیادی ڈھانچے کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے سرگرمی سے کام کر رہی ہے۔وزیر موصوفہ ایوان میں آج رُکن اسمبلی عبدالمجید بٹ کی طرف سے اُٹھائے گئے ایک سوال کا جواب دے رہی تھیں۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت 2019 کے گورنمنٹ آرڈر نمبر 48۔ایچ ای اور 2019 کے گورنمنٹ آرڈر نمبر 106۔ایچ ای کے تحت قائم کئے گئے 50 نئے کالجوں کی بنیادی ڈھانچے کی ضروریات یعنی زمین، عمارتیں وغیرہ کو پورا کر رہی ہے۔وزیرموصوفہ نے کہا کہ نئے ڈِگری کالجوں کا قیام ایک بڑے سرمائے کا متقاضی ہوتا ہے جس میں تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ بنیادی ڈھانچے کی ضروریات اور مناسب رقبے پر محیط زمین شامل ہے۔اُنہوں نے اچھہ بل میں ڈگری کالج کے قیام کے حوالے سے کہا کہ جموں و کشمیر میں نئے ڈِگری کالجوں کے قیام کے لئے متعدد درخواستیں موصول ہو رہی ہیں جس میں اچھہ بل کے حوالے سے ایک درخواست بھی شامل ہے۔ اس درخواست کی مروجہ اصولوں کے مطابق جانچ کی جا رہی ہے تاکہ اس کے قیام کی ممکنہ استعداد (فیزی بیلٹی) کا تعین کیا جا سکے۔










