جموں//وزیر برائے خوراک، شہری رسدات و امور صارفین ستیش شرما نے آج کہا کہ محکمہ جموں و کشمیر میں 1,600 نئی فیئر پرائس شاپس کھولنے پر غور کررہا ہے جو کہ جموں و کشمیر کے ٹارگٹیڈ پبلک ڈسٹری بیوشن کا حصہ ہے۔وزیر موصوف ایوان میں آج رُکن اسمبلی اعجاز احمد جان کے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔اُنہوں نے ایوان کو بتایا کہ حکومت جموںوکشمیر میں نئی فیئر پرائس شاپس قائم کرنے کے لئے منتخب ممبروں کو شامل کرنے کا اِرادہ رکھتی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ نئی فیئر پرائس شاپس کھولنے کے لئے پسماندہ پنچایت علاقوں کو ترجیح دی جائے گی۔وزیر خوراک نے مزید بتایا کہ این ایف ایس اے کے تحت مقرر کردہ حقوق کے مطابق مختلف زُمروں کو اناج فراہم کیا جارہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس کے علاوہ جموںوکشمیر حکومت کی سکیم پی ایم ایف ایس ایس کے تحت پی ایچ ایچ زُمرے کے اہل گھرانوں کو 10 کلو گرام اِضافی راشن بھی فراہم کیا جارہا ہے۔اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ مالی برس 2025-26 ء کے سالانہ بجٹ میں ایک تجویز شامل ہے جس کے تحت صرف اے اے وائی گھرانوں کے لئے اضافی مفت راشن فراہم کیا جائے گا۔وزیر موصوف نے وضاحت کی کہ محکمہ اِستفادہ کنندگان کی کوئی اَپ ڈیٹ لسٹ برقرار نہیں رکھتا ہے ،تاہم، تمام گروپوں کے تحت فائدہ اُٹھانے والوں کی تمام تفصیلات آر سی ایم ایس پورٹل پر دستیاب ہیں جو پبلک ڈومین میں ہے اور rcms.jk.gov.in پر رَسائی حاصل کی جاسکتی ہیں۔










