حادثے میں ایک مقامی ڈرائیور سمیت 4افراد ہلاک ، 17زخمی ، کئی ایک کی حالت نازک
سرینگر//وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل گنڈ کنگن علاقے میں اتوار کے روز سڑک کے ایک دلدوز حادثے میںایک مقامی ڈرائیور اور تین سیاحوں سمیت 4افراد ہلاک اور 17زخمی ہوئے ہیں جن میں سے کئی ایک کی حالت ہسپتال میں نازک بنی ہوئی ہے ۔ ادھر اس حادثے پر دکھ اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے جموںکشمیر کے لیفٹیننٹ گرنر منوج سنہا ، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ ، پی ڈی پی لیڈر محبوبہ مفتی ، این سی سربراہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور دیگر لیڈران نے سوگوار کنبہ کے ساتھ یکجہتی کااظہار کیا ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے گنڈ کنگن علاقے میں اتوار کے روز سیاحوں کی ایک بس اور ایک ٹویٹا ایٹیوس گاڑی کے درمیان ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں تین سیاحوں سمیت 4افراد ہلاک ہوئے جن میں ایک مقامی ڈرائیور بھی شامل ہے ۔ عینی شاہدین کے مطابق تیز رفتار ٹویٹا ایٹوس گاڑی اور بس کے مابین ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار سیاح زخمی ہوئے جبکہ گاڑی میں بھی تمام سوار زخمی ہوئے ،اس بیچ پولیس اور مقامی لوگوںنے بچائو کارروائی شروع کرتے ہوئے سبھی زخمیوں کو نزدیکی ہسپتال پہنچایا گیا جن میں سے تین کو موقعے پر ہی مردہ قراردیا گیا جبکہ ایک اور سیاح زخموں کی تاب نہ لاکر ہسپتال میں دم توڑ بیٹھا ۔ اس ضمن میں حکام نے بتایا کہ گنڈ کنگن کے قریب ٹویوٹا ایٹیوس ایک بس سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں یہ حادثہ پیش آیا۔اس واقعے میں تین سیاحوں اور ایک مقامی ڈرائیور سمیت چار افراد ہلاک جب کہ 17 دیگر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔مرنے والوں کی شناخت لیشیا آشیش پاری، نکی آشیش پاری، اور ہیتل آشیش پاری، سبھی مہاراشٹر کے رہنے والے، اور فہیم احمد بڈیاری ولد نذیر احمد بڈیاری ساکن سویہ ٹینگ ڈلگیٹ سرینگر کے طور پر کی گئی ہے۔دریں اثنا، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ایک سرکاری بیان میں کہاگنڈ، کنگن کے قریب شاہراہ پر پیش آنے والے المناک سڑک حادثے پر گہرا دکھ ہوا، جس میں متعدد افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے، سوگوار خاندانوں سے میری دلی تعزیت، زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا۔ حکام ہر ممکن مدد فراہم کر رہے ہیں۔ادھر اس حادثے پر جموںکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، نے کہا ہے کہ اس حادثے میں مرنے والے افراد کے کنبوں کے ساتھ ان کی ہمدردی ہے ۔ ادھر پی ڈی پی لیڈر محبوبہ مفتی ، نیشنل کانفرنس کے سربراہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ، اور دیگر لیڈران نے دکھ اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے متاثرہ کنبوں کے ساتھ ہمدردی ظاہر کی اور زخمی افراد کی جلد صحتیابی کی امید ظاہر کی ۔










