مرکز کے منظور شدہ کسی بھی پروجیکٹ کو فی الحال محکمہ ثقافت یا محکمہ سیاحت کے ذریعہ انجام نہیں دیا جا رہا ہے/ وزیر اعلیٰ
سرینگر // جموں و کشمیر حکومت نے قانون ساز اسمبلی کو مطلع کیا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں ثقافتی ورثہ کے مقامات کے تحفظ کی اسکیم کے ایک حصے کے طور پر 45 منصوبوں پر کام جاری ہے، جن میں قلعے اور مذہبی مقامات شامل ہیں۔سی این آئی کے مطابق جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی میں وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے کہا کہ ثقافتی ورثہ کے مقامات کے تحفظ کی اسکیم کے ایک حصے کے طور پر 45 منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ فن تعمیر اور ورثے کی بحالی، تحفظ اور دیکھ بھال کیلئے یوٹی سطح کی اسکیم کے دوسرے مرحلہ کے تحت 73 اضافی پروجیکٹوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اسمبلی میں نیشنل کانفرنس کے قانون ساز فاروق احمد شاہ کے ایک سوال کے تحریری جواب میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ جو محکمہ ثقافت کے انچارج وزیر بھی ہیںنے ذکر کیا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے منظور شدہ وراثت کے تحفظ کے کسی پروجیکٹ کو فی الحال جموں و کشمیر میں محکمہ ثقافت یا محکمہ سیاحت کے ذریعہ انجام نہیں دیا جا رہا ہے۔










