مہور میں 50بستروں پرمشتمل گوجر بکروال ہوسٹل تکمیل کے قریب۔وزیر برائے قبائلی اَمور

مہور میں 50بستروں پرمشتمل گوجر بکروال ہوسٹل تکمیل کے قریب۔وزیر برائے قبائلی اَمور

جموں//وزیر برائے قبائلی امور جاوید احمد رانا نے کہا کہ مہور میں 168.25 لاکھ روپے کی لاگت سے 50 بستروں پر مشتمل تعمیر ہونے والے درج فہرست قبائل (گوجر بکروال) ہوسٹل کا زیادہ تر کام مکمل ہو چکا ہے۔وزیر موصوف ایوان میں آج رُکن اسمبلی خورشید احمد کے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔اُنہوں نے ایوان کو بتایا کہ اِس منصوبے کا آغاز 2009-10 ء میں 96.13 لاکھ روپے کی لاگت سے کیا گیا تھاجسے بعد میں 2017-18 ء میں 168.25 لاکھ روپے تک بڑھا دیا گیا اور تعمیراتی کام 2018-19 ء تک جاری رہا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ باقی کام جیسے کہ بائونڈری وال کی تعمیر اور دیگر متعلقہ امور مالی برس 2022-23 ء کے دوران مکمل کئے گئے ہیں۔ اِس ہوسٹل میں 50 طلبأ اوررہائشیوںکی گنجائش ہے۔تاہم، وزیر موصوف نے کہا کہ چونکہ یہ عمارت کافی عرصے تک سیکورٹی فورسز کے قبضے میں رہی۔اِس لئے اسے مکمل طور پر قابل رہائش بنانے کے لئے مزید مرمت اور تزئین و آرائش کی ضرورت ہے۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ زمین کے مالک کو ابھی تک کوئی معاوضہ اَدا نہیں کیا گیا ہے، تاہم، معاوضہ کی ادائیگی کی رقم کا تعین کے لئے حصولِ اراضی کی کاررائی پہلے شروع کی جا چکی ہیں اور یہ معاملہ فعال غور و خوض میں ہے۔وزیر نے ایوان کو آگاہ کیا کہ 2023-24 ء کے یو ٹی کیپکس بجٹ کے تحت 40 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی تھی جو پہلے ہی کلکٹر لینڈ ایکوزیشن (ایس ڈی ایم ) مہور کو جاری کر دئیے گئے ہیں۔ تاہم، ایس ڈی ایم مہور نے مزید 1.30 کروڑ روپے کی اضافی رقم کا مطالبہ کیا ہے جس سے کُل رقم تقریباً 1.70 کروڑ روپے بنتی ہے تاکہ زمین کے مالکان کو ’’حقِ منصفانہ معاوضہ و شفافیت ایکٹ 2013 ‘‘کے تحت ادائیگی کی جا سکے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ ہوسٹل کو فعال بنانے کے لئے ابھی تک کوئی عملہ منظور نہیں کیا گیا تاہم یہ معاملہ زیر غور ہے۔