مہور میں 50بستروں پرمشتمل گوجر بکروال ہوسٹل تکمیل کے قریب۔وزیر برائے قبائلی اَمور

بجی بہاڑہ ۔ سری گفوارہ حلقے میں نہروں کی گنجائش بڑھانے کیلئے 37کروڑ روپے کی ڈِی پی آر تیار ۔ جاوید احمد رانا

جموں//وزیر برائے جل شکتی جاوید احمد رانا نے آج ایوان کومطلع کیا کہ بجی بہاڑہ ۔ سری گفوارہ حلقے کی مختلف نہروں کی گنجائش بڑھانے کے لئے 37 کروڑ روپے کی تفصیلی پروجیکٹ رِپورٹ (ڈِی پی آر) تیار کیا گیا ہے جو کہ نبارڈ 2025-26 ء کے پروجیکٹ شیلف کا حصہ ہوگا۔وزیر موصوف ایوان میں آج رُکن اسمبلی بشیر احمد وِیری کے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔اُنہوں نے کہا کہ آبپاشی نہروں پر تجاوزات کو روکنے کے لئے حکومت کی جانب سے باقاعدہ مہم چلائی جا رہی ہے۔ سال 2024-25 ء میں 658 تجاوزات کو ہٹایا گیا جس میں 300.02 کنال سرکاری اَراضی واگزار کی گئی۔وزیر نے مزید کہا کہ نہروں کے کچھ حصوں پر کناروں پر تجاوزات موجود ہیں، تاہم مین واٹرکورس کسی بھی قسم کی تجاوزات سے پاک ہے جس سے پانی کے بہاؤ میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں ہوگی۔اُنہوں نے کہا کہ کچھ مقامات پر معمولی رسائو اور گاد (سلٹ) جمع ہونے کو چھوڑ کر ، کوئی بڑی رکاوٹ نہیں ہے جو آبپاشی کے لئے پانی کی مناسب فراہمی میں رُکاوٹ بن سکے۔وزیر نے کہا کہ نہروں سے گاد(سلٹ) ہٹانے کا کام ایک مستقل مرمتی عمل ہے جو عام طور پر ہر آبپاشی کے سیزن کے بعد مرحلہ وار کے ساتھ ساتھ کنورجنس موڈ کے ذریعے شروع کیا جاتا ہے۔اُنہوں نے نہروں کی صفائی کے حوالے سے بتایا کہ 2024-25 ء کے دوران، ایم اینڈ آر گرانٹس کے تحت، بجی بہاڑہ اور سری گفوارہ حلقے کی 17 کلومیٹر نہروں کی صفائی کی گئی جس پر 5.82 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔وزیر نے مزید کہا کہ دیہی ترقیاتی محکمہ (آر ڈِی ڈِی) نے 52 مختلف کاموں میں 8 کلومیٹر نہروں کی صفائی کی جس پر 3.17 لاکھ روپے لاگت آئی۔