’امت شاہ معافی مانگیں اور استعفیٰ دیں‘، ملک گیر سطح پر منعقد پریس کانفرنسز میں کانگریس کا مطالبہ

’امت شاہ معافی مانگیں اور استعفیٰ دیں‘، ملک گیر سطح پر منعقد پریس کانفرنسز میں کانگریس کا مطالبہ

پارلیمنٹ میں آئین پر بحث کے دوران مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے تعلق سے متنازعہ بیان دے کر مشکل میں پھنس گئے ہیں۔ کانگریس لگاتار اس ایشو کو اٹھا رہی ہے اور ملک گیر سطح پر ایک مہم شروع کر کے امت شاہ سے معافی کا مطالبہ کر رہی ہے۔ صرف معافی ہی نہیں بلکہ ان سے وزارتی عہدہ چھوڑنے کی مانگ بھی زور و شور سے جاری ہے۔ آج کانگریس کے سرکردہ لیڈران نے ملک گیر سطح پر پریس کانفرنس کر امت شاہ کے ساتھ ساتھ مرکز کی مودی حکومت کو بھی ہدف تنقید بنایا۔ مختلف ریاستوں میں منعقد پریس کانفرنس میں کانگریس لیڈران نے اس بات کا عزم ظاہر کیا کہ جب تک ڈاکٹر امبیڈکر کے خلاف بولے گئے قابل اعتراض الفاظ پر امت شاہ معافی نہیں مانگیں گے، ان کی مہم جاری رہے گی۔
کانگریس نے آج جن ریاستوں میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا ان میں دہلی (خطاب: دیویندر یادو)، تریپورہ (خطاب:سدیپ رائے برمن)، آسام (خطاب:گورو گگوئی)، پنجاب (خطاب امرندر سنگھ راجہ)، مغربی بنگال (خطاب: ادھیر رنجن چودھری)، جموں و کشمیر (خطاب: رمن بھلّا اور رویندر شرما)، بہار (خطاب: اکھلیش پرساد سنگھ اور موہن پرکاش)، اتر پردیش (خطاب:سلمان خورشید، پرمود تیواری، اجئے رائے اور کشوری لال شرما)، اتراکھنڈ (خطاب:گردیپ سپّل)، اڈیشہ (خطاب: سپتاگری اُلاکا)، مدھیہ پردیش (خطاب: سپریا شرینیت، دگ وجئے سنگھ اور کملیشور پٹیل)، مہاراشٹر (خطاب: رویندر چوان اور ڈاکٹر نامدیو کرسان) وغیرہ شامل ہیں۔
دہلی میں کانگریس ہیڈکوارٹر ’راجیو بھون‘ میں منعقد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے کہا کہ ’’آئین تیار کرنے والے بابا صاحب امبیڈکر کی پارلیمنٹ میں بے عزتی کرنے والے وزیر داخلہ امت شاہ کو فوراً استعفیٰ دینا چاہیے۔ ان کا بیان کسی بھی حال میں معافی کے لائق نہیں ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے اعلان کیا کہ دہلی کانگریس کل سبھی 14 ضلع کانگریس کمیٹیوں اور 70اسمبلی حلقوں کے بلاک کانگریس کمیٹیوں میں امت شاہ کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے ’پد یاترا‘ نکالے گی۔ رکن پارلیمنٹ گورو گگوئی نے بھی مرکزی وزیر داخلہ سے ان کے بیان کے لیے معافی کا مطالبہ کیا۔
انھوں نے میڈیا کے سامنے کہا کہ ’’ہم ملک بھر میں پریس کانفرنس کر امت شاہ کے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ امت شاہ کو اپنے بیان کے لیے معافی مانگنی چاہیے۔ لیکن افسوس کی بات ہے کہ بی جے پی غلط تشہیر اور جھوٹی ایف آئی آر کے ذریعہ ملک کا دھیان بھٹکانے کی کوشش کر رہی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’انڈیا بلاک بھی متحد ہو کر یہ مطلابہ کر رہا ہے کہ امت شاہ اپنے عہدہ سے استعفیٰ دیں اور ہتک آمیز الفاظ کے لیے معافی مانگیں۔ اگر وہ معافی نہیں مانگتے ہیں تو بی جے پی اور امت شاہ کو یہ بیان آنے والے وقت میں بہت بھاری پڑنے والا ہے۔‘‘