کا شت کارو ں کیلئے معاشی مواقع کی خاطر ڈیری اور پولٹری شعبوں کو مضبوط بنانے پر زور
جموں//وزیر برائے محکمہ زرعی پیداوار ، دیہی ترقی و پنچایتی راج جاوید احمد ڈار نے آج جموں و کشمیر میں مویشیوں کے چارے کے معیار کو بہتر بنانے اور ڈیری اور پولٹری شعبوں کو مضبوط بنانے کی کوششوں کو بڑھانے پر زور دیا۔اُنہوں نے مویشی پروری کی ایک جائزہ میٹنگ کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ان شعبوں کو مضبوط کرنے سے نہ صرف کسانوں کے ذریعہ معاش میں اِضافہ ہوگا بلکہ پورے جموں و کشمیر میں اہم اِقتصادی مواقع بھی پیدا ہوں گے۔جاویداحمد ڈار نے جموں و کشمیر میں ڈیری اور پولٹری کی پیداوارکی خاطر مویشیوں کی افزائش کے لئے اِستعمال ہونے والے چارے اورفیڈکے معیار کی جانچ کے لئے فول پروف میکانزم بنانے پر زور دیا۔میٹنگ میں ’جامع زرعی ترقیاتی پروگرام( ایچ اے ڈِی پی)‘ کے تحت اہم اَقدامات بشمول ڈیری سیکٹر کی مضبوطی، پولٹری کی پیداوار میں اِضافہ اور دیرپا چارے کے وسائل کی ترقی پر توجہ مرکوز کی گئی۔وزیر موصوف نے اِنٹگریٹیڈ ڈیری ڈیولپمنٹ پروگرام، اِٹگریٹیڈ فیڈ،فوڈر ڈیولپمنٹ پروگرام، آئی پی ڈِی پی کی عمل آوری اور فارموں، ہیچریوں، جانوروں کی فلاح و بہبود کی سرگرمیوں، ویٹرنری سینٹروں کے کام کاج اور دیگر سرگرمیوں سمیت فلیگ شپ پروگراموں کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔میٹنگ کے شروعات میں محکمہ مویشی پروری کے سینئر افسران نے وزیر موصوف کو مویشیوں کی پیداواری صلاحیت کو بہتر بنانے اور جموں خطے میں کسانوں کی مدد کے لئے کئے گئے اَقدامات کے بارے جانکاری دی۔جاویداحمد ڈار نے مویشیوں کی صحت اور پیدواری صلاحیت کو بڑھانے میں اس کے رول پر زور دیتے ہوئے مویشیوں کے چارے کے لئے ایک مضبوط کوالٹی چیک میکانزم کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے ڈیری اور پولٹری شعبوں میں زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لئے محکموں کے مابین مؤثر ہم آہنگی ، چارے کی ترقی کے لئے جدید طریقۂ کار اور جدیدٹیکنالوجی سے اِستفادہ کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔اُنہوںنے کہا کہ ڈیری اور پولٹری شعبوں میں جموں و کشمیر کی اِقتصادی ترقی میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔وزیر موصوف نے کسان کمیونٹی کی مدد کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے اور’جامع زرعی ترقیاتی پروگرام( ایچ اے ڈِی پی)سکیموں کو مؤثر طریقے سے عملانے کے لئے مربوط کوششوں پر زور دیا۔میٹنگ میں متعلقہ محکموں کے سینئر اَفسران نے شرکت کی۔










