سڑکوں کے منصوبوں کی بروقت تکمیل ، دیرپاترقی اور جنگلات کے تحفظ پر زور
سری نگر//وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج، اِمدادِ باہمی اور الیکشن محکمہ جات جاوید احمد ڈار نے آج رفیع آباد حلقے میں جاری جنگلات اور پی ایم جی ایس وائی سڑکوں کے منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک تفصیلی میٹنگ کی صدارت کی ۔میٹنگ میں چیف کنزرویٹرفارسٹس کشمیر، چیف اِنجینئر پی ایم جی ایس وائی کشمیر، کنزرویٹر فارسٹس شمالی کشمیر، سپراِنٹنڈنگ اِنجینئر پی ایم جی ایس وائی، ڈِی ایف اوز لنگیٹ اور بارہمولہ سمیت دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ وزیرموصوف نے رفیع آباد اور ملحقہ علاقوں میں پی ایم جی ایس وائی اور دیگر کیپکس فنڈڈ سکیموں کے تحت جاری سڑک رابطوں کے منصوبوں کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے متعلقہ اَفسران سے منصوبوں کے بارے میں تازہ ترین معلومات طلب کیں جس میں بالخصوص کام کی رفتار، تکمیل کی حتمی تاریخوں اور پیش رفت میں حائل رُکاوٹوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ۔اُنہوں نے سڑک رابطوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوامی فلاحی اور ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر عمل آوری بالخصوص دیہی اور دُور دراز علاقوں میں قابل اعتماد رابطوں سے گہرا تعلق رکھتا ہے۔وزیر موصوف نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ پی ایم جی ایس وائی اور دیگر کیپکس فنڈز کے تحت جاری تمام سڑکوں کے تمام منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کو یقینی بنائیںجبکہ معیار کے تقاضوں کو برقرار رکھیں اور سرکاری فنڈز کا دانشمندانہ استعمال یقینی بنایا جائے۔اُنہوں نے متعلقہ محکموں کے درمیان بہتر تال میل پر زور دیا تاکہ رکاوٹوں کو دور کیا جاسکے، عمل درآمد کے عمل کو ہموار کیا جاسکے اور اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ ترقیاتی سکیموں کے فوائد بغیر کسی تاخیر کے لوگوں تک پہنچیں۔جاوید ڈار نے رفیع آباد اور اس کے ملحقہ علاقوں کی سیاحتی صلاحیت کو اُجاگر کرتے ہوئے سیاحت سے متعلق سرگرمیوں کو آسان بنانے اور مقامی اِقتصادی مواقع کو فروغ دینے کے لئے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور اسے جدید خطوط پر اُستوار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے اِس بات پر زور دیاکہ خطے میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی متوازن اور دیرپا انداز میں کی جانی چاہیے تاکہ ماحولیاتی توازن، قدرتی خوبصورتی اور علاقے کی جنگلاتی شناخت کو برقرار رکھا جا سکے۔اُنہوں نے کہا ،’’ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کو ساتھ ساتھ چلنے چاہئیں۔ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ خطے کے بھرپور قدرتی وسائل اور جنگلات کی دولت کے تحفظ کے ساتھ ساتھ جدید بنیادی ڈھانچہ بھی تعمیر کیا جائے۔‘‘اُنہوں نے سڑکوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی مربوط منصوبہ بندی اور عمل آوری پر زور دیا تاکہ ماحولیاتی دیرپائی پر سمجھوتہ کئے بغیر ترقیاتی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ زیر اِلتوأ معاملات کا ترجیحی بنیادوں پر جائزہ لیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام ضروری منظوریوں کے عمل کو تیزی سے مکمل کیا جائے تاکہ عوامی اہمیت کے حامل بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر نہ ہو۔جاوید ڈار نے مزید کہا کہ محکمہ جنگلات اور پی ایم جی ایس وائی کے درمیان قریبی رابطہ کاری کی جائے تاکہ باہمی محکموں کے مسائل کو حل کیا جاسکے، جاری کاموں میں تیزی لائی جا سکے اور رفیع آباد اور ملحقہ علاقوں میںسڑکوں کے رابطوں کو بہتر بنایا جا سکے۔اُنہوں نے دیہی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، دُور دراز علاقوں تک رابطے کو بہتر بنانے اور لوگوں کی مجموعی فلاح و بہبود کے لئے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔










