رانا نے منکوٹ میں 64.44 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی بنیاد رکھی

رانا نے منکوٹ میں 64.44 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی بنیاد رکھی

پانی ، سڑک اور صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی غرض سے متعدد واٹر سپلائی اسکیمیں ، پی ایم جی ایس وائی سڑکیں اور پی ایچ سی وارڈ کی توسیع

منکوٹ// وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور مسٹر جاوید احمد رانا نے منکوٹ علاقے میں 64.44 کروڑ روپے مالیت کے متعدد بڑے ترقیاتی منصوبوں کی بنیاد رکھی ، جس سے علاقے میں پینے کے پانی کی فراہمی ، سڑکوں کی رابطہ کاری اور صحت کے بنیادی ڈھانچے کو نمایاں تقویت ملی ۔ دلیان سندوٹ میں عوامی رابطہ پروگرام کے دوران وزیر نے یو ٹی کیپیکس کے تحت چار واٹر سپلائی اسکیموں کی بنیاد رکھی جن کی مجموعی تخمینہ لاگت 8.60 کروڑ روپے ہے ۔ ان میں واٹر سپلائی اسکیم کیری کنڈی کانگڑا ( 2.25 کروڑ روپے ) ، واٹر سپلائی اسکیم بالا کوٹ سندوٹ ( 2.15 کروڑ روپے ) ، واٹر سپلائی اسکیم پروا دھارتی پنجانی فیز II ( 2.75 کروڑ روپے ) اور واٹر سپلائی اسکیم کنڈ منجھری ( 1.455 کروڑ روپے ) شامل ہیں ۔ وزیر نے تقریباً 55.09 کروڑ روپے کی لاگت والے پانچ پی ایم جی ایس وائی سڑک منصوبوں کی بنیاد بھی رکھی ان میں کانتی گالا سے دھرتی روڈ جس کی لاگت 13.26 کروڑ روپے ہے ، بالا کوٹ بہروٹے سے دلیان سندوٹ روڈ جس کی لاگت 5.92 کروڑ روپے ہے ، سنگیوٹ روڈ سے بٹین فیروزالان روڈ جس کی لاگت 9.78 کروڑ روپے ہے ، باسونی بہروتی روڈ سے بہروتی لوئر جس کی لاگت 20.17 کروڑ روپے ہے اور باسونی بنسل سے خانہ گوڈا گوپال روڈ جس کی لاگت 5.96 کروڑ روپے ہے ۔ یہ سڑک منصوبے دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں ہر موسم میں رابطے کو بہتر بنانے ، لوگوں اور سامان کی نقل و حرکت کو آسان بنانے اور منڈیو ، صحت کی سہولیات ، تعلیم اور دیگر ضروری خدمات تک رسائی کو مضبوط کرنے کیلئے ہیں ۔ صحت کے شعبے میں مسٹر رانا نے تحصیل بالا کوٹ میں پی ایچ سی دھرگلو میں دو 30 بستروں والے وارڈز کی تعمیر کا سنگِ بنیاد رکھا جس کی تخمینہ لاگت ضلعی کیپیکس بجٹ ( اے بی ڈی پی ) 2025-26 کے تحت 74.95 لاکھ روپے ہے ۔ اس توسیع سے صحت کی سہولت کی صلاحیت میں اضافہ ہو گا اور بالا کوٹ اور ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں کیلئے طبی خدمات تک رسائی بہتر ہو گی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسٹر رانا نے کہا کہ دور دراز اور سرحدی علاقوں کی متوازن اور جامع ترقی کو یقینی بنانا حکومت کی ترجیح ہے ۔ مسٹر رانا نے کہا کہ پینے کے پانی کی سیکیورٹی وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت کی اہم ترین ترجیحات میں سے ایک ہے اور یہ اسکیمیں دور دراز اور پہاڑی آبادیوں میں رہنے والے لوگوں کی ضروریات کو پورا کریں گی ۔ عوامی رابطہ پروگرام کے دوران مسٹر رانا نے مقامی آبادی سے بات چیت کی اور ان کے مسائل و ترقیاتی مطالبات سُنے ۔ انہوں نے لوگوں کو علاقے میں شروع کئے جانے والے بڑے منصوبوں سے آگاہ کیا اور یقین دلایا کہ ان کی جائیز خدشات کو متعلقہ محکموں کے پاس ترجیحی بنیادوں پر اٹھایا جائے گا ۔