تمام پولنگ سٹیشنوں پر شجرکاری مہم چلائی جائے اور پولنگ عملے کیلئے فلاحی اَقدامات کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز
شوپیان// چیف الیکٹورل آفیسر (سی اِی او)جموںوکشمیر پانڈورانگ کے پولے نے شوپیاں کا دورہ کیا ۔اُنہوں نے منی سیکرٹریٹ شوپیاں میں نوڈل اَفسران کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی تاکہ ضلع کے زینہ پورہ اور شوپیاں اسمبلی حلقوں کے لئے آنے والے اسمبلی اِنتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا جاسکے۔اِس موقعہ پر ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر محمد شاہد سلیم ڈار، ایس ایس پی عنایت علی چودھری، نوڈل افسران، آر او شوپیاں، زینہ پورہ اور ڈپٹی ڈِی ای او موجود تھے۔میٹنگ میں افرادی قوت کی تعیناتی، اِی وِی ایم رینڈمائزیشن اور ٹرانسپورٹیشن، پولنگ عملے کے اِنتظامات، سٹرانگ روم، سیکورٹی پروٹوکول، کنٹرول روم کے کام کاج اور اِنتخابات کے پُرامن اِنعقاد کے لئے دیگر انتظامات پر سیر حاصل تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے پاورپوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے ضلع کے انتخابی انتظامات کا جائزہ پیش کیا ، آر اوز نے چیئر کو اَپنے اسمبلی حلقوں میں تیاریوں کے بارے میں بریف کیا اور نوڈل افسران نے اَپنی ذمہ داری کے علاقوں کے بارے میں آگاہ کیا۔چیف الیکٹورل آفیسر کو یہ بھی بتایا گیا کہ (سویپ) سرگرمیاں وضع کردہ کیلنڈر کے مطابق جاری ہیں تاکہ لوگوں کو اَپنے حق رائے دہی کے اِستعمال کی اہمیت سے روشناس کیا جاسکے۔اِس موقعہ چیف الیکٹورل آفیسر نے کہا کہ دورے کا مقصد یہ دیکھنا ہے کہ کسی قسم کی کوئی کوتاہی نہ ہو اور اِنتخابی عمل کو کامیاب بنانے کے لئے کمی کو جلد از جلد دور کیا جائے۔اُنہوں نے رائے دہندگان کو مؤثر طریقے سے آگاہ کرنے اور ان کی شمولیت کے لئے سویپ( ایس وِی اِی اِی پی)اَقدامات کو جاری رکھنے پر زور دیا اور تمام شراکت داروںکہا کہ وہ سویپ اقدام کے تحت گھر گھر مہم کے ذریعے ووٹر ٹرن آئوٹ کو زیادہ سے زیادہ کریں۔مزید برآں، اُنہوں نے ہدایت دی کہ زیادہ سے زیادہ رائے دہندگان کی بیداری کو یقینی بنانے کے لئے سویپ( ایس وِی اِی اِی پی )کے تمام پروگراموں کی وسیع پیمانے پر تشہیر کی جائے۔چیف الیکٹورل آفیسرنے پولنگ سٹیشنوں پر مناسب سہولیات کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیا جس میں پولنگ عملے ، سیکورٹی اہلکاروں اور ووٹروں کے لئے صاف واش روم، پینے کا پانی، اِبتدائی طبی اِمداد اور بجلی کی مناسب فراہمی شامل ہے۔اُنہوںنے بی ایل اوز کی خدمات کو اِستعمال کرتے ہوئے رائے دہندگان میں ووٹر سلپس کی تقسیم پر بھی زور دیا تاکہ ہر کوئی ضلع میں ووٹر ٹرن آؤٹ میں اِضافہ کرنے کے لئے اَپنا ووٹ ڈال سکے۔سی ای او نے بزرگوں اور جسمانی طور خاص اَفراد کے لئے ہوم ووٹنگ کے لئے شفافیت کے اَقدامات پر زور دیا۔اس دورے میں ایم سی ایم سی کا معائینہ، رسید اور ڈسپیچ، کائونٹنگ سینٹروں اور ضلعی ہیڈکوارٹروں میں سٹرانگ روموںجیسی مختلف سرگرمیوں کا بھی احاطہ کیا گیا۔میٹنگ کو بتایا گیا کہ ضلع میں مناسب بفر سٹاک کے ساتھ وافر مقدار میں اِی وِی ایم اور وِی وِی پی اے ٹی دستیاب ہیں۔ دورانِ میٹنگ ایس ایس پی سے سیکورٹی اَنتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا اور الیکشن کے محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کے لئے اَقدامات کرنے پر زور دیا گیا۔ ایس ایس پی نے ضلع میں امن و امان کے اِنتظامات، افرادی قوت کی تقسیم اور سیکورٹی گرڈ پیش کیا۔چیف الیکٹورل آفیسر نے بتایا کہ ماحولیاتی ذمہ داری کی اہمیت کو ظاہر کرتے ہوئے ضلع کے تمام پولنگ سٹیشنوں پر شجرکاری مہم چلائی جائے گی۔










