سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق اِی ۔شرم رجسٹرکرنے والوں کو راشن کارڈ فراہم کریں ۔ چیف سیکرٹری

سری نگر//چیف سیکرٹری اَتل ڈولونے آج محکمہ محنت و روزگار اور محکمہ خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین کی ایک مشترکہ میٹنگ طلب کی جس میں تمام اِی ۔شرم رجسٹرکرنے والوں کو راشن کارڈ فراہم کرنے کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری محکمہ خوراک ، شہری رسدات و اَمورصارفین ،سیکرٹری محنت و روزگار ، سیکرٹری قانون ، ضلع ترقیاتی کمشنروں ،لیبر کمشنر ، ڈائریکٹر ایف سی ایس اینڈ سی اے کشمیر و جموں اور دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ چیف سیکرٹری نے ایس ایم ڈبلیو (سی) نمبر 6/2020 میں ایم آئی ایس سی درخواست نمبر 94/2022 میں سپریم کورٹ آف اِنڈیا کی طرف سے20اَپریل 2023 ء کے حکم کے ذریعے جاری کردہ ہدایات پر بھی زور دیا جس میں ریاستی اوریوٹی حکومتوں کو اِی ۔ شرم پورٹل پر رہ جانے والے رجسٹروں کو راشن کارڈ جاری کرنے کی ہدایت دِی گئی ہے۔ اَتل ڈولونے عدالت عظمیٰ کی جانب سے ہدایت کے تحت دونوں محکموں کو ہدایت دی کہ وہ ای شرم پورٹل پر رہ جانے والے رجسٹروں کو راشن کارڈ جاری کرنے کی مشق شروع کریں اور وسیع پیمانے پر تشہیرکرکے متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں کے دفاتر کے ذریعے اِی۔شرم رجسٹرکرنے والوں سے رابطہ کریں۔چیف سیکرٹری نے ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ اَپنے متعلقہ اضلاع میں محکمہ محنت اور محکمہ خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین کے افسران اور اہلکاروں کی ذاتی طور پر نگرانی اور کوآرڈی نیشن کو یقینی بنائیں تاکہ کم سے کم وقت میں مطلوبہ نتائج حاصل کئے جاسکیں۔اِس کے علاوہ متعلقہ اِنتظامی سربراہوں کو یہ بھی حکم دیا گیا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اِی شرم رجسٹرکرنے والوں کے حق میں راشن کارڈ کے اجرأ کی پیش رفت کی نگرانی کریں تاکہ جموںوکشمیر یوٹی میں سپریم کورٹ کی ہدایات پر عمل کیا جاسکے۔