سری نگر// مرکزی وزارتِ ٹیکسٹائل کے ویور سروس سینٹر سری نگر نے ڈائریکٹوریٹ آف ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم کشمیر کے اِشتراک سے آج کشمیر ہاٹ سری نگر میں دسواں قومی ہینڈ لوم ڈے منایا۔کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت وِکرم جیت سنگھ جو اِس موقعہ پر مہمان خصوصی تھے ،نے کہا کہ اِس دن کا مقصد ہینڈ لوم سیکٹر کی سماجی و اِقتصادی ترقی اور بُنکروں کی آمدنی میں اِضافے پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔وِکرم جیت سنگھ نے کہا کہ 2015 ء سے ہربرس 7 ؍اگست کو قومی ہینڈ لوم ڈے منایا جاتا ہے جس کا مقصد ہینڈلوم اِنڈسٹری کی اہمیت اور ملک کی سماجی و اِقتصادی ترقی میں اس کے تعاون کے بارے میں بیداری پیدا کرنا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت نے بُنکر کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لئے متعدد سکیمیں شروع کی ہیں۔ اُنہوں نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ مختلف سکیموں کے بارے میں اہم شراکت داروں کو آگاہ کریں تاکہ وہ اِن پروگراموں کے تحت حاصل ہونے والے فوائد سے فائدہ اُٹھا سکیں۔کمشنر سیکرٹری نے ان سٹالوں کا بھی دورہ کیا جن پر صوبہ کشمیر کے بُنکروںکی طرف سے خوبصورت ہینڈ لوم مصنوعات نمائش کے لئے رکھی گئی تھیں۔ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈلوم کشمیر محمود احمد شاہ نے کہا کہ کشمیر کے تناظر میں ہینڈ لوم ڈے منانا بہت ضروری ہے کیوں کہ شالیں، قالین اَپنی خوبصورتی اور منفرد اَنداز او رمعیار کی انفرادیت کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ کشمیر میں بُنکروں نے اِس فن کو زندہ رکھنے کے لئے واقعی سخت محنت کی ہے اور یہ ان کی کوششوں کا اعتراف ہے کہ یونیسکو نے سری نگر کو ’’ کریٹیو سٹی ‘‘کے طور پر منتخب کیا اور حال ہی میں ورلڈ کرافٹ کونسل نے ورلڈ کرافٹ سٹی کے طور پر تسلیم کیا۔محمود احمدشاہ نے کہا کہ ہینڈ لوم ڈے دستکاروں پر توجہ مرکوز کرنے اور بُنکر کمیونٹی کی سراہنا کرنے کے لئے منایا جا رہا ہے جن کی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں اور عالمی سطح پر تسلیم کی جا رہی ہیں۔










