سری نگر//امامیہ فیڈریشن کشمیر کے جنرل سیکریٹری جناب محمد اشرف خان نے میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کے اُس بیان جس میں جناب میرواعظ نے جامع مسجد کے منبر سے ملت کی شیرازہ بندی اور ملی اتحاد کو موجودہ حالات کا ناگزیر تقاضہ قرار دیتے ہوئے پوری کشمیری قوم سے بالعموم اور علمائے کرام اورتمام مسالک کے مذہبی رہنمائوں سے بالخصوص اپیل کی ہے کہ وہ چند فروعی مسائل کے اختلافات کوملت کا اختلاف بنانے سے گریز کریں کا خیر مقدم کرتے ہوئےاس امید کا اظہار کیا ہے کہ کشمیری قوم آج جن کٹھن اور جاں گسل حالات سے گزر رہی ہے اس کا تقاضہ ہے کہ تمام مسالک کے درمیان جو معدود چند فروعی مسائل کی ادائیگی میںفرق ہے اس کو اپنی انا کا مسئلہ بنائے بغیر کشمیر کی روایتی فروقہ وارانہ ہم آہنگی اور آپسی بھائی چارے کے ماحول کوہر قیمت پر فروغ دیا جائے اور یہ یہاں کی تمام مذہبی جماعتوں ائمہ حضرات اور خطیبوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ قوم و ملت کے وسیع تر مفاد میں اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرے اور قوم کو درپیش مسائل کے حل کیلئے آپسی یکجہتی اور اتحاد و اتفاق کی فضا کو برقرار رکھے ۔ انہوں نے کہا کہ جناب میرواعظ کایہ بیان کہ اہل بیت رسول ﷺ سے محبت و عقیدت ایک مسلمان کے ایمان کا جز ہے اور ساتھ ہی انہوں نے صحابہ کرام سے بھی عقیدت و وابستگی کو ہر مسلمان کیلئے یکساں عینک کا حامل قرار دیا ہے کو حقیقت پسندی سے عبارت قرار دیتے ہوئے کہا کہ شیعہ اثنائے عشریہ کا بھی یہ بنیادی موقف ہے کہ اہل بیت رسول ﷺ سے عشق و محبت انکی اطاعت و پیروی ہمارے لئے واجب عینی ہے اور زہد و تقویٰ، پرہیزگاری، اتباع رسول اور عشق رسول سے سرشار اصحاب رسول ﷺ سے عقیدت و محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ جن بلند قامت اصحاب نے حیات نبویﷺ اور بعد از رسول ﷺ، ان کی سیرت اور سنت کو اپنی زندگی کا مقصد بنا لیا اور اس سیرت سے سرمنہ انحراف نہیں کیا ۔ ان سے عقیدت و محبت کا اظہار سنت نبوی ہے اور ہمارا عقیدہ ہے کہ رسول رحمت ﷺ پر پروانہ وار اپنی زندگیاں نچھاور کرنے والے اصحاب باصفا اور بعد از رسول ﷺ ان کی سیرت اور سنت کو جاری رکھنے والے یہ جلیل القدر اصحاب ہمارے لئے قابل احترام ہیں اور جو لوگ اس مسئلہ کو بنیاد بناکر انتشار پسندی کو ہوا دے رہے ہیں وہ نہ صرف تاریخ اسلام سے نابلد ہے بلکہ وہ محض اپنے حقیر مفادات کے حصول کیلئے اور دین کے نام پر اپنی روٹیاں سینکنے کیلئے یہاں کے پر امن فضا کو مکدر کررہے ہیں اور اس ضمن میں جناب میرواعظ کا دو ٹوک موقف پوری ملت کشمیر کیلئے چشم کشا ہے اور امامیہ فیڈریشن ہر اس اقدام کی حمایت کرتی ہے جس کا مقصد یہاں اتحاد و اتفاق اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے سے منسلک ہو۔










