دنیا کی بلند ترین ٹنل شنکن لاسرنگ پروجیکٹ کے کام کا افتتاح کریں گے
سرینگر//کرگل میں وجے دیوس کے سلسلے میں مجوزہ تقریب میں شرکت کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ کو کرگل پہنچ رہے ہیں جہاں وہ کرگل جنگ میں جاں بحق ہوئے فوجی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کریں گے ۔ کرگل وجے دیوس 26جولائی کو منایا جارہا ہے جس کے تحت ملک بھر میں تقاریب کا اہتمام ہوگا جبکہ سب سے بڑی تقریب کرگل میں منعقد کی جارہی ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی26 جولائی 2024 کو صبح ت 25 ویں کارگل وجے دیوس کے موقع پر کارگل جنگ کی یادگار کا دورہ کریں گے اور ان مہلوک جوانوں کو خراج عقیدت پیش کریں گے جنہوں نے فرض کی ادائیگی میں عظیم قربانیاں دیں۔ وزیر اعظم مجازی طور پر شنکن لا ٹنل پروجیکٹ کے پہلے دھماکے کا آغاز بھی کریں گے۔شنکن لا ٹنل پروجیکٹ 4.1 کلومیٹر لمبی ٹوئن ٹیوب سرنگ پر مشتمل ہے جو لیہہ کو تمام موسمی رابطہ فراہم کرنے کے لیے نیمو – پدم – درچہ روڈ پر تقریباً 15,800 فٹ کی بلندی پر تعمیر کیا جائے گا۔ ایک بار مکمل ہونے کے بعد یہ دنیا کی بلند ترین سرنگ ہوگی۔ شنکن لا سرنگ نہ صرف ہماری مسلح افواج اور آلات کی تیز رفتار اور موثر نقل و حرکت کو یقینی بنائے گی بلکہ لداخ میں اقتصادی اور سماجی ترقی کو بھی فروغ دے گی۔واضح رہے کہ کرگل وجے دیوس ہر سال 26جولائی کو ان فوجی اہلکاروں کی یاد میں منایا تاہے جنہوںنے کرگل جنگ میں پاکستانی فوج کے ساتھ مقابلہ آرائی میں اپنی جانیں دیں تھیں ۔ 1999میں کرگل کی بلند و بالا چوٹیوں پر پاکستانی فوج نے قبضہ کیا تھا جس کی وجہ سے ہندو پاک کے مابین جنگ چھڑ گئی اور پاکستانی فوج نے ان اہم پکٹوں کو خالی کرنا پڑا تھا اسی جنگ کی سالگرہ کے سلسلے میں کرگل وجے دیوس منایا جاتا ہے ۔










