مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے جے کے ڈبلیو ڈی سی کے 29ویں بورڈ میٹنگ کی صدارت کی

مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے جے کے ڈبلیو ڈی سی کے 29ویں بورڈ میٹنگ کی صدارت کی

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے جموں و کشمیر وومن ڈیولپمنٹ کارپوریشن (جے کے ڈبلیو ڈِی سی) کی اِنتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اَپنی رَسائی اور کاروبار کو بڑھائیں اور کارپوریشن کے مقاصد کو زیادہ مؤثر انداز میں بڑھانے اور انہیں عملی جامہ پہنانے کے لئے ایک منصوبہ تیار کریں۔اُنہوں نے اِن باتوں کا اِظہار آج یہاںسول سیکرٹریٹ میں جے کے ڈبلیو ڈی سی کے29ویں بورڈ آف ڈائریکٹرز میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری محکمہ سوشل ویلفیئر شیتل نندا نے ، ڈائریکٹر جنرل ڈیولپمنٹ ایکس پنڈیچر ڈویژن۔I فائنانس ڈیپارٹمنٹ سجاد حسین گنائی، منیجنگ ڈائریکٹرجے کے ڈبلیو ڈِی سی اُلفت جبین، ایڈیشنل سیکرٹری پی ڈِی اینڈ ایم ڈِی، قومی اقلیتی ترقی اور مالیاتی کارپوریشن (این ایم ڈِی ایف سی)، نیشنل بیک ورڈ کلاسز فائنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این بی سی ایف ڈِی سی)، نیشنل دیویانگ جن اور فائنانس ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ڈِی ایف ڈِی سی) کے نمائندوں نے شرکت کی۔ دورانِ میٹنگ مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے جے کے ڈبلیو ڈِی سی کی اِنتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اَپنی رَسائی اور کاروبار کو بڑھائیں کیو ںکہ کارپوریشن کسی بھی دوسرے قرض دینے والے اِداروں کے مقابلے میں بہت سستی شرحوں پر قرض فراہم کر رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ کارپوریشن کے مقاصد کو مزید مؤثر انداز میں بڑھانے اور عملی جامہ پہنانے کے لئے ایک تفصیلی منصوبہ تیار کیا جائے۔مشیرموصوف نے پورے خطے میں خواتین کو بااِختیار بنانے میں کارپوریشن کے کلیدی کردار کو اُجاگر کیا اور مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والی خواتین کے لئے سماجی و اِقتصادی مواقع کو بڑھانے کے لئے مستقل کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والی خواتین کی متنوع ضروریات کو پورا کرنے کے لئے مذہبی طور پر مختلف اَقدامات کوعملانے کی اہمیت پر زور دیا۔میٹنگ میں بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کارپوریشن کی مالی صورتحال ، جے کے ڈبلیو ڈِی سی کی جانب سے پیش کردہ موجودہ پروگراموں اور خواتین پر مبنی فلاحی سکیموں کے اثرات کے بارے میں تفصیلی جائزہ لیا۔بورڈ آف ڈائریکٹرز نے دُور دراز اور پسماندہ کمیونٹیوں تک کارپوریشن کی خدمات کی رَسائی کو بڑھانے پر زور دیا تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین جے کے ڈبلیو ڈِی سی کی جانب سے نافذ کردہ مختلف سکیموں سے فائدہ اُٹھا سکیں۔ بورڈ نے کارپوریشن کی اِنتظامیہ سے کہا کہ وہ جموں و کشمیر کے طول و عرض میں قرض میلوں اور دیگر بیداری سرگرمیاں منعقد کریں۔بورڈ آف ڈائریکٹرزنے اِنتظامیہ پر بھی زور دیا کہ وہ قرضوں کی وصولی کے لئے اپنی کوششوں کو زیادہ سے زیادہ کریں۔ بورڈ نے ان سے کہا کہ وہ طویل مدتی نادہندگان کے ون ٹائم سیٹلمنٹ کے لئے ایک منصوبہ تیار کریں۔بورڈ آف ڈائریکٹرزنے محکمہ خزانہ کے نمائندے سے یہ بھی کہا کہ وہ یو ٹی کا شیئر کو بروقت کارپوریشن کو کریڈٹ کریں تاکہ مستفید ہونے والوں کو قرضوں کی آسانی سے تقسیم کی جا سکے۔