مرکزی تقریب کی تقاریب کیلئے ہرسطح پر سخت اِنتظامات کرنے کی ہدایت
سری نگر//ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے ضلع میں یوم آزادی 2024 کی پُرامن تقریبات کو یقینی بنانے کے لئے سول اور پولیس اِنتظامیہ کے افسروں کی ایک میٹنگ ڈی سی آفس کمپلیکس کے میٹنگ ہال میں طلب کی۔میٹنگ کی آغاز میں ضلع ترقیاتی کمشنر نے قومی تقریب کو بغیر کسی رُکاوٹ کے منانے کے لئے متعلقہ محکموں کی طرف سے کئے جانے والے انتظامات اور تیاریوں کی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔اُنہوں نے قومی تقریب کی اہمیت پر زور دیا اور ہدایت دی کہ ضلعی اَفسران کی جانب سے اس دن کی اہمیت اور پروٹوکول بالخصوص فلیگ کوڈ سے متعلق عملے کو مناسب حساسیت فراہم کی جائے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے یوم آزادی 2024 کی عظیم الشان تقریب کو یقینی بنانے کے لئے محتاط منصوبہ بندی اور تمام اِنتظامات کو بغیر کسی رُکاوٹ کے انجام دینے کی ضرورت پر زور دیا۔اِس موقعہ پر اُنہوں نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ مارچ پاسٹ پریڈ، ثقافتی پروگراموں، تقریب کی کمنٹری پروسسنگ ، ڈائس فلورنگ اور دیگر متعلقہ انتظامات اور تقریبات کی مناسب ہم آہنگی کے حوالے سے تمام ضروری تیاریوں کو یقینی بنانے کے لئے ایک جامع منصوبہ تیار کریں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے بیٹھنے کے انتظامات، ٹرانسپورٹ اور پارکنگ کی سہولیات، بجلی اور پانی کی فراہمی، میڈیکل اور فرسٹ ایڈ، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، پی اے ایس کی تنصیب، ہورڈنگوں کی تنصیب، کیٹرنگ کے اِنتظامات، ایل ای ڈِی سکرین کی تنصیب اور ان کی مناسب پوزیشننگ، قومی پرچم لہرانے اور سرکاری عمارتوں کی روشنی کے حوالے سے اِنتظامات اور دیگر سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔میڈیا مینجمنٹ کے علاوہ سیکورٹی سے متعلق امور، سیکورٹی پاسز کے اجرأ اور وِی وِی آئی پیز، وی آئی پیز اور دیگر شرکأ کے داخلے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر نے تمام سیکٹورل اور ڈِسٹرکٹ افسران کو سختی سے ہدایت دی کہ وہ اپنے متعلقہ دفاتر کے علاوہ سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور دیگر اِداروں میں پرچم کشائی کے لئے ضروری اِنتظامات کو یقینی بنائیں۔ کے پی ڈی سی ایل کے متعلقہ افرادسے کہا گیا کہ وہ سرکاری عمارتوں اور نمایاں مقامات کی روشنی کو یقینی بنائیں۔اُنہوں دعوت نامے اور نشستوں کے اِنتظامات کے حوالے سے افسران سے کہا کہ وہ ایک جامع مشق کریں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ تمام مدعو معززین کو دعوت نامے پہلے ہی پہنچائے جائیں اور پروٹوکول کے مطابق بیٹھنے کا مناسب اِنتظام کیا جائے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے سٹیڈیم کے اندر اور اِس کے اِرد گرد فول پروف سیکورٹی اِنتظامات کرنے پر زور دیا تاکہ تقریب کو بغیر کسی پریشانی یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے تقریب میں شرکت کے لئے آنے والے معززین اور دیگر شرکأ کے لئے پارکنگ کی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔اِس کے علاوہ شرکأ کو مرکزی مقام تک لے جانے کے لئے اِستعمال ہونے والی گاڑیوں کا بھی جائزہ لیا۔اِسی طرح ایس ایم سی حکام کو سٹیڈیم اور اس کے ارد گرد صفائی ستھرائی کے بہتر اِنتظامات کو یقینی بنانے کی ذمہ داری بالخصوص فل ڈریس ریہرسل اور یوم آزادی 2024 کی مرکزی تقریب کے موقعہ پر سونپی گئی۔ اُنہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ 15؍ اگست کو پنڈال میں موبائل ٹوائلٹ قائم کرنے کے علاوہ تمام واش رومز ٹھیک سے کام کررہے ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے فل ڈریس ریہرسل کی کارروائی اور 15؍ اگست کو ہونے والے میگا تقریب کے موقعہ پر موسم کی خرابیوں سے نمٹنے کے لئے وسیع تر انتظامات کرنے پر بھی زور دیا۔اُنہوں نے کہا کہ 15 ؍اگست کو شرکت کرنے والے سکولی طلبأ ، ثقافتی فن کاروں ، این سی سی کیڈٹوں ، دستوں اور دیگر افراد کو ان کے بورڈنگ اور رہائش کی سہولیات کے لئے ٹرانسپورٹ کے مناسب اِنتظامات کئے جائیں۔دوران میٹنگ ضلع ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ افراد کو یوم آزادی پر مضمون نویسی اور دیگر مقابلے منعقد کرنے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر سری نگر ظہور احمد میر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سیّد احمد کٹاریہ، جی ایم جے کے آر ٹی سی، نوڈل پرنسپل کالجز کشمیر، آر ٹی او کشمیر، جوائنٹ کمشنر ایس ایم سی، ایس ڈی ایم (ایسٹ)، اسسٹنٹ کمشنر، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن (پی آر) کشمیر، ڈپٹی ڈائریکٹر پروٹوکول، ایس ای ایم اینڈ ایچ ای محکمہ سری نگر، ایس پی ٹی کام کشمیر نے شرکت کی۔ چیف پلاننگ آفیسر، چیف میڈیکل آفیسر، ایم ایس سکمز، ایم ایس ایس ایم ایچ ایس ، پی ایچ ای، کے پی ڈی سی ایل (ای ڈی دوم اور ای ڈی سوم) کے ایگزیکٹیو انجینئروں، آر اینڈ بی، پی ایچ ای، پی ڈی ڈی، ریونیو، اسپورٹس، کلچر اکیڈمی، فائر سروسز، ایف سی ایس اینڈ سی اے، اے اے اینڈ سی ایل، سیکورٹی اور ٹریفک کے علاوہ دیگر لائن ڈپارٹمنٹوں کے افسران نے میٹنگ میں حصہ لیا۔










