Acting CJ reviews preparations for upcoming Special Lok Adalat by Supreme Court of India

خصوصی لوک عدالت میں بینک ریکوری کے 228 معاملوں کو خوش اَسلوبی سے نمٹایا گیا

سری نگر//چیف جسٹس ( قائم مقام )جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ جسٹس تاشی ربستن (سرپرست اعلیٰ اور ایگزیکٹیو چیئرمین جموں و کشمیر لیگل سروسز اتھارٹی) کی سرپرستی میں اور چیئرپرسن ہائی کورٹ لیگل سروسز کمیٹی جسٹس سندھو شرما کی رہنمائی میں آج جموں وکشمیر یوٹی میں ایک خصوصی لوک عدالت کا اِنعقاد کیا گیا جس میں جموںوکشمیر یوٹی کی مختلف عدالتوں میں زیر التوا بینک ریکوری معاملوں کے دوستانہ تصفیے پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔ یہ موجودہ کیلنڈر سال کی ساتویں خصوصی لوک عدالت تھی۔جموںوکشمیر یوٹی کے مختلف ڈِسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹیوں سے موصول ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق خصوصی لوک عدالت میں کل 885 معاملوں کی سماعت کی گئی جن میں سے 228 معاملوں کو5,23,66,443 روپے کی مجموعی رقم کے ساتھ خوش اسلوبی سے نمٹایا گیا۔ممبر سیکرٹری جموں و کشمیر لیگل سروسز اَتھارٹی امت کمار گپتا نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ یہ موجودہ کیلنڈر سال کی ساتویں خصوصی لوک عدالت ہے اور اگلی خصوصی لوک عدالت سنیچروار 10 ؍اگست 2024 ء کو منعقد کی جائے گی جس میںکریمنل کمپاؤنڈ ایبل معاملوں کے تصفیے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ اُنہوں نے بالعموم وُکلأ اور بالخصوص درخواست گزاروں پر زور دیا کہ وہ اِس طرح کی خصوصی لوک عدالتوں کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اُٹھائیں جو جموں و کشمیر لیگل سروسز اتھارٹی کے ذریعہ منعقد کی جارہی ہیں۔اُنہوں نے خصوصی لوک عدالت میں شرکت اور اتنی بڑی تعداد میں مقدمات کے تصفیے میں سہولیت فراہم کرنے پر تمام جوڈیشل افسران، ڈی ایل ایس اے کے سیکرٹریوں، وکلأ، ڈسٹرکٹ اور تحصیل عدالتوں کے عملے کے علاوہ لیگل سروسز اِداروں کے عملے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ لیگل سروسز اتھارٹی کے ایسے اقدامات کے بارے میں عوام میں بیداری پیدا کرنے اور پھیلانے میں پرنٹ اور الیکٹرانک دونوں طرح کے پیرا لیگل رضاکاروں اور میڈیا کے کردار کو بھی تسلیم کیا۔