کپواڑہ//ٹرانسپورٹ کمشنر راجندر سنگھ تارا نے ضلع کپواڑہ کے دو روزہ دورے کے دوران ضلع میں ٹرانسپورٹ خدمات کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔اُنہوںنے آج ٹنگڈار کا دورہ کیااور اُنہوں نے وہاں سومو سٹینڈ ٹنگڈار میں روڈ سیفٹی روڈ شو میں شرکت کی اور سینکڑوںشرکأ کو روڈ سیفٹی کا حلف دِلایا۔ کمشنر نے روڈ سیفٹی پر روشنی ڈالتے ہوئے متعلقہ اَفسران پر زور دیا کہ وہ جامع ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد سے ضلع میں سڑک حادثات کو کم کریں اور زندگیاں بچائیں۔اُنہوں نے زیرو لائن پر واقع ملک کے پہلے گاؤں سیماری ٹیٹوال کا بھی دورہ کیا اور وہاںٹرانسپورٹ سہولیات کا جائزہ لیا ،مقامی لوگوں سے اِستفساری گفتگو کی اور ان کی رائے طلب کی۔اِس سے قبل 15 ؍جون کو کپواڑہ پہنچنے پر ٹرانسپورٹ کمشنر نے اے آر ٹی او کپواڑہ کے دفتر کا معائینہ کیا اور آن لائن خدمات’’واہن‘‘ اور ’’سارتھی‘‘ کا موقعہ پر جائزہ لیا اور محکمہ کی طرف سے پیش کی جانے والی اِن آن لائن خدمات کی عمل آوری کا باریک بینی سے جائز ہ لیا۔ اِس موقعہ پراُنہوں نے عوام الناس کے لئے آسان اور مؤثر آپریشنز کو یقینی بنانے کے لئے بروقت خدمات کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیا۔ٹرانسپورٹ کمشنر نے اے آر ٹی او دفتر کے عملے کے اَرکان کے ساتھ بھی بات چیت کی ، ان کے کام کا جائزہ لیا اور اُنہیں کسی بھی زیرِ اِلتوا ٔکام کو تیزی سے حل کرنے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے عوامی شکایات کو بروقت حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔اُنہوں نے کپواڑہ بس سٹینڈ پر خون کے عطیۂ کیمپ میں شرکت کی جس کا اہتمام اے آر ٹی او کپواڑہ نے ضلع کپواڑہ کے ٹرانسپورٹروں کے اِشتراک سے کیا تھا۔کمشنر موصوف نے ضلع کی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنوں کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی جس میں اُنہیں ٹرانسپورٹ سیکٹر کو متاثر کرنے والے مختلف مسائل سے آگاہ کیا گیا۔ اُنہوں نے نمائندگان کو یقین دِلایا کہ اُن کے جائز مطالبات کو فوری طور پر حل کیا جائے گا جس سے ٹرانسپورٹ کمیونٹی کے عزم کو تقویت ملے گا۔ٹرانسپورٹ کمشنرکے ہمراہ آر ٹی او کشمیر سیّد شاہنواز بخاری اور اے آر ٹی او کپواڑہ بلال احمد میر بھی تھے۔










