مشیر راجیو رائے بھٹناگر کا سری نگر سی سی آئی کی تیسری ناردرن ریجنل کونسل میٹنگ سے خطاب

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے کہا کہ جموں و کشمیر مرکزی حکومت اور ایل جی کی قیادت والی موجودہ اِنتظامیہ کی جانب سے کئے گئے اہم اقدامات کی وجہ سے بے مثال ترقی کا مشاہدہ کر رہا ہے۔اُنہوں نے ان باتوں کا اِظہار آج یہاں ہوٹل ریڈیسن کلیکشن میں کنفیڈریشن آف اِنڈین انڈسٹری (سی سی آئی) کی تیسری ناردرن ریجنل کونسل میٹنگ اور اِنڈسٹری اِنٹرایکشن سے خطاب کرنے کے دوران کیا۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے صنعت کاروں، کاروباری پیشہ ور اَفراد اور دیگرشراکت داروںکے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر ایک اہم صنعتی تبدیلی کے لئے تیار ہے۔ اُنہوں نے کہا،’’ہم نے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے، کاروبار میں آسانی کو یقینی بنانے اوراِختراع کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی ہے۔ ہمارا مقصد جموں و کشمیر کو مینوفیکچرنگ سے لے کر اِنفارمیشن ٹیکنالوجی تک کی صنعتوں کے لئے ایک پُرکشش مقام بنانا ہے۔‘‘اُنہوں نے جموں و کشمیر میں صنعتی ترقی کے لئے مختلف سٹریٹجک منصوبوں کا خاکہ پیش کیا اور سرمایہ کاروں کے لئے سازگار کاروباری ماحول اور مختلف مراعات پیدا کرنے کے لئے حکومت کے عزم کی عکاسی کی۔مشیر موصوف نے مزید کہا کہ حکومتی سکیموںکے کامیاب عمل آوری سے ہمارے صنعتی منظر نامے میں تبدیلی آ رہی ہے اور ایک مضبوط ماحولیاتی نظام کو فروغ مل رہا ہے جو دیرپا اِقتصادی معاشی ترقی کے لئے تیار ہے۔ڈائریکٹر جنرل مرکزی وزارتِ سیاحت منیشا سکسینہ نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے سیاحتی شعبے کی غیر اِستعمال شدہ صلاحیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے دیرپاسیاحت کو فروغ دینے اور ملکی اور بین الاقوامی سیاحوں کو راغب کرنے کے مقصد سے متعدد اہم اقدامات پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے کہا ،’’ جموں و کشمیر قدرتی خوبصورتی اور ثقافتی ورثے کا خزانہ ہے۔ ہماری توجہ ایک سیاحتی ماحولیاتی نظام بنانے پر ہے جو سیاحوں کے لئے عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرتے ہوئے اس ورثے کو محفوظ رکھتا ہے۔ ہم بنیادی ڈھانچے کو بڑھانے، مہم جوئی سیاحت کو فروغ دینے اور سیاحوں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے پر کام کر رہے ہیں۔‘‘اُنہوں نے صنعتی شراکت داروں کو سیاحت سے متعلق منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ خطے کی سیاحت کی ترقی کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ اُنہوں نے کمیونٹی کی شمولیت اور مقامی مہارتوں کی ترقی کی اہمیت پر زور دیا تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ سیاحتی فوائد جموں و کشمیر کے ہر کونے تک پہنچیں۔کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت وِکرم جیت سنگھ نے اَپنے خطاب میں جموںوکشمیر یوٹی میں اہم سرمایہ کاری کا جائزہ پیش کیا۔ اُنہوں نے خطے کے توجہ مرکوز شعبوں میں اہم اَقدامات پر روشنی ڈالی اور گتی شکتی پروگرام اور پی ایم ایمپلائمنٹ جنریشن پروگرام (پی ایم اِی جی پی) جیسی سرکاری سکیموں کی صورتحال پیش کی۔ اُنہوں نے جموں و کشمیر کے موجودہ صنعتی ماحولیاتی نظام اور صنعتی منظر نامے کے بارے میں بھی بات کی۔اِس موقعہ پرچیئرمین سی آئی آئی ناردرن ریجن مادھو سنگھانیہ اور ڈپٹی چیئرمین سی آئی آئی ناردرن ریجن سنجے کپور نے بھی اَپنے خیالات کا اِظہار کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ سی آئی آئی کی صنعتی بات چیت میں آج کی بصیرت افروز بات چیت نے جموں و کشمیر کی صنعتی اور سیاحتی ترقی کے لئے ایک واضح روڈ میپ فراہم کیا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ان کے تعاون کے جذبے اور نامور حکومتی مقررین کی جانب سے پیش کردہ آگے کی سوچ کی حکمت عملی جموں و کشمیر کے صنعتی منظر نامے میں انقلاب لانے کے لئے تیار ہے۔یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ آج کی بات چیت نے جموں و کشمیر میں اہم چیلنجوں اور مواقع سے نمٹنے کے لئے حکومتی نمائندوں اور صنعتی اراکین کے درمیان تعمیری بات چیت کی سہولیت فراہم کی۔ ان مباحثوں میں سرمایہ کاری کے مواقع، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، سیاحت اور ہنرمندی میں اضافے سمیت متعدد موضوعات کا احاطہ کیا گیا۔