aga rohullah

آغا روح اللہ مہدی کا حضرت بل اور زیڈی بل کا تفصیلی دورہ

لوگوں کے مسائل و مشکلات سُنے، درگاہ حضرت بل اور زیارت مخدوم صاحبؒ پر حاضری دی

سرینگر // نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان برائے وسطی کشمیر آغا سید روح مہدی نے آج اپنے حلقہ انتخاب کا تفصیلی دورہ جاری رکھتے ہوئے شہر سرینگر کے حضرت بل اور زیڈی بل کے درگاہ، مخدوم صاحب، باچھی دروازہ، شیخ کالونی، تبتی کالونی، نالہ بل، چھانہ پورہ نوشہرہ، ملک صاحب صورہ سمیت کئی علاقوں کا دورہ کیا، اس سے قبل انہوں نے پلوامہ، گاندربل اور لالچوک کانسچونسی کا بھی تفصیلی دورہ کیا۔سی این آئی کے مطابق رکن پارلیمان نے آج آثار شریف درگاہ حضرتبل میں حاضری دی ۔ انہوں نے مقامی لوگوں کے مسائل و مشکلات کی جانکاری حاصل اور وہیں پر مختلف محکموں کے اعلیٰ حکام کی ایک میٹنگ کی بھی طلب کی اور مقامی لوگوں کے مسائل و مشکلات اُن کی نوٹس میں لاکر فوری سدباب کرنے کی ہدایت کی۔ اُن کے ہمراہ پارٹی کے ترجمانِ اعلیٰ تنویر صادق(انچارج کانسچونسی زیڈی بل) اور سلمان علی ساگر (انچارج کانسچونسی حضرتبل ) اور مقامی عہدیداران بھی تھے۔ اس کے علاوہ انہوں نے آستانِ عالیہ حضرت سلطان العارفین مخدوم صاحبؒ واقع کوہ ماران پر بھی حاضری دی ۔ اس دوران لوگوں نے انہیں جگہ جگہ پر اپنے مسائل اور مشکلات سے آگاہ کیا ۔ لوگوں نے جگہ جگہ پر بجلی، پینے کے پانی کی قلت اور سڑکوں کی خستہ حالی جیسے مسائل اُجاگر کئے اور رکن پارلیمان نے موقعے پر ہی متعلقہ حکام کیساتھ رابطہ کرکے ان کا فوری سدباب کرانے کی ہدایت بھی کی۔ آغا روح اللہ نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ عوامی مسائل و مشکلات کے تئیں متحرک ہوجائیں اور عوام کو معقول اور مناسب بجلی اور پینے کے پانی کی فراہم یقینی بنانے کے علاوہ سڑکوں پر مکڈم بچھانے کا کام فوری طور شروع کیا جائے۔