13مقامی سمیت 24ملی ٹنٹوں کو ہلاک کیا گیا ، کچھ دراندازی کی کوششیں بھی ناکام بنائی گئی
سرینگر // سال رواں کے پہلے 7ماہ میں جموں کشمیر میں فوج و فورسز اور ملی ٹنٹوں کے مابین جھڑپوں میں 13مقامی سمیت 24ملی ٹنٹوں کو ہلاک کیا گیا ۔ سی این آئی کے مطابق سال رواں کے پہلے سات ماہ میں فوج و فورسز نے مشترکہ کارروائی میں 13 مقامی سمیت 24 عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ۔ اب تک مارے گئے 24 ملی ٹنٹوں میں سے 3 درانداز تھے اور 8 مارے گئے عسکریت پسندوں کی شناخت نہیں ہو سکی۔وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں 12جھڑپیں پیش ہوئی جس میں سے جنوبی کولگام ضلع میں تین ،سوپور اور پلوامہ میں 2، اور بانڈی پورہ میں واحد جھڑپ ہوئی ۔ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ اس سال مشترکہ فورسز نے دو سرکردہ ملی ٹنٹ کمانڈروں کو ہلاک کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ کولگام کے علاقے پائین ریڈوانی میں لشکر طیبہ کا کمانڈر باسط احمد ڈار اور ایک غیر مقامی جنگجو ایک مسلح تصادم میں مارے گئے۔ ایک اور فائرنگ کے تبادلے میں، ایک مقامی عسکریت پسند کمانڈر عمر خان عید الاضحی کے دن اری گام بانڈی پورہ انکاؤنٹر میں مارا گیا۔دانش عزیز شیخ ساکنہ سرینگر نامی ملی ٹنٹ پلوامہ کے فریسی پورہ گاؤں میں مارا گیا۔ شوپیاں کے گاؤں چیک چولن سے تعلق رکھنے والا لشکر طیبہ کا ایک جنگجو بلال رسول بٹ چوٹیگام شوپیان انکاؤنٹر میں مارا گیا۔اسی طرح سے بارہمولہ ضلع میں کنٹرول لائن کے ساتھ اوڑی سیکٹر کے صبورہ نالہ علاقے میں دو دراندازوں کو ہلاک کر دیا گیا۔اعداد و شمار کے مطاابق نوپورہ سوپور میں ایک اور تصادم میں دو ملی ٹنٹ بشمول ایک مقامی سیف اللہ اور ایک اور نامعلوم جنگجو مارے گئے جبکہ کاکا پورہ پلوامہ کے دو جنگجو ریاض احمد ڈار اور رئیس احمد نہامہ پلوامہ تصادم میں مارے گئے۔اسی طرح سے ہیرا نگر کٹھوعہ کے سیدا سکھل گاؤں میں دو جنگجو مارے گئے جبکہ ہدی پورہ سوپور میں دو جنگجو مارے گئے۔ گنڈوہ ڈوڈہ کے بجد جنگلاتی علاقے میں تین جنگجو مارے گئے۔ حال ہی میں کولگام ضلع میں دو تصادم آرائی میں چھ جنگجو مارے گئے۔










