Atal Dulloo

چیف سیکرٹری کی زائد قیمت وصول کرنے پر نکیل کسنے کی ہدایت

سری نگر//چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے عام لوگوں کوبغیر کسی رُکاوٹ کے آن لائن خدمات فراہم کرکے ڈیجیٹل اِنڈیا کے مقصد کو حاصل کرنے کے لئے مختلف سرکاری دفاتر جیسے ڈپٹی کمشنر دفاتر ، بلاک ڈیولپمنٹ دفاتر ، تحصیل دفاتر ، سوشل ویلفیئر دفاتر ، اے آر ٹی او دفاتر ، کالجوں اور یونیورسٹیوں میںکامن سروس سینٹر( سی ایس سی) کے لئے نئے ٹچ پوائنٹس قائم کرنے کی ہدایت جاری کی۔تمام ضلع ترقیاتی کمشنر وںکو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ ایسے تمام دفاتر میں نئے ٹچ پوائنٹس کے قیام کے لئے جگہیں مختص کریں۔تمام اَضلاع کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنروں کو نوڈل اَفسران کے طور پر نامزد کیا گیا ہے تاکہ نئے ٹچ پوائنٹس کھولنے میں آسانی اور تیزی لائی جاسکے۔ اب تک 625 نئے سی ایس سی قائم کئے گئے ہیں اور 537 پی اے سی اور 2,160 ایف پی ایس سمیت 13,081 سی ایس سی فعال ہیں اورجموںوکشمیر کے یونین ٹیریٹری میں ڈیجی سیوا پورٹل پر خدمات فراہم کررہے ہیں۔یو ٹی اِنتظامیہ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے سخت نگرانی اور ریگولیٹری میکانزم عملا رہی ہے کہ سی ایس سی نوٹیفائیڈ نرخوں پر عمل کریں۔ اِس سلسلے میں محکمہ آئی ٹی کی مخصوص ڈویژنل لیول اِنسپکشن ٹیموں کی جانب سے باقاعدگی سے آڈِٹ اور اِنسپکشن کی جارہی ہے تاکہ زائد قیمت وصول کرنے والوں کی نشاندہی کی جاسکے اور اُنہیں سزا دی جاسکے۔ ضلع ترقیاتی کمشنروں جو ڈِسٹرکٹ اِی۔ گورننس سوسائٹیز کے چیئرپرسن ہیںسے کہا گیا ہے کہ وہ اَپنے متعلقہ اَضلاع میں نوٹیفائیڈ نرخوں پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ عام لوگوں کو اِس کی وجہ سے پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔کمشنر سیکرٹری محکمہ آئی ٹی پریرنا پورہ نے سی ایس سیزکی طرف سے زیادہ قیمت وصول کرنے کی شکایات پر سختی سے کارروائی کرتے ہوئے جموں و کشمیر میں مختلف کامن سروسز سینٹروں کا باقاعدگی سے اچانک معائینہ یقینی بنایا تاکہ ان کی حکومت کے نوٹیفائیڈ نرخوں کی تعمیل کی جا سکے۔ایڈیشنل سیکرٹری آئی ٹی محکمہ اعجاز قیصر کی نگرانی میں انسپکشن ٹیمیں صوبہ جموں کے ضلع راجوری اور صوبہ کشمیر کے پلوامہ میں بھیجی گئیں۔ سرپرائز چیکنگ کے دوران صوبہ جموں میں راجوری ضلع کے 31 کامن سروس سینٹروں کا معائینہ کیا گیا جبکہ پلوامہ میں 49کامن سروس سینٹروں کا صوبہ کشمیر میں معائینہ کیا گیا۔اِنسپکشن ٹیموں نے 7 کامن سروس سینٹر(صوبہ جموں میں 3 اورصوبہ کشمیرمیں 4 کامن سروس سینٹر) کے لائسنس منسوخ کرنے کی سفارش کی ہے۔ واضح رہے کہ محکمہ اِنفارمیشن ٹیکنالوجی نے مختلف آن لائن خدمات حاصل کرنے کے لئے نرخوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے تحت گورنمنٹ ٹو سٹیزن سروس کے لئے 50 روپے اور گورنمنٹ ٹو بزنس سروسز کے لئے 75 روپے فی سروس مختص کئے گئے ہیں۔ اوور چارجنگ کی بعض شکایات پر عمل کرتے ہوئے گزشتہ ایک برس میں 664 سی ایس سی لائسنس (مالی سال 2023-24 ء میں 624 اور رواں مالی سال 2024-25 ء میں 40) منسوخ کئے گئے ہیں۔دریں اثنا، نائب صدر سی ایس سی۔ایس پی وِی جموں و کشمیر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر سی ایس سی میں نوٹیفائیڈ نرخوں کو نمایاں طور پر آویزاں کیا جائے تاکہ تمام گاؤں کی سطح کے کاروباری افراد (وی ایل ایز) کو نوٹیفائیڈ نرخوں کے بارے میں آگاہ کیا جاسکے۔ یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ ایک مناسب تصدیق شدہ میکانزم تیار کرکے وی ایل ایز کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عام لوگ بغیر کسی رُکاوٹ کے آن لائن خدمات سے فائدہ اٹھا سکیں۔