Labour Department launches special drive for truck drivers to register on e-Shram Portal

لیبر ڈیپارٹمنٹ نے ٹرک ڈرائیوروں کو اِی۔شرم پورٹل پر رجسٹرکرنے کیلئے خصوصی مہم شروع کی

زائد اَز 21,000ٹرک ڈرائیور پہلے ہی رجسٹرڈ ہیں اور پور ے جموںوکشمیر یوٹی میں مہم جارہے گی۔ چرندیپ سنگھ

سری نگر / / لیبر ڈیپارٹمنٹ جموں وکشمیر نے آج اِی۔ شرم پورٹل پر ٹرک ڈرائیوروں کی رجسٹریشن کی سہولیت کے لئے جموںوکشمیر یوٹی میں ایک خصوصی مہم شروع کی ہے۔یہ پہل لیبر کمشنر جموں و کشمیر چرندیپ سنگھ کی ہدایت پرکی گئی تھی اور اِس کا مقصد ٹرک ڈرائیوروں کے حقوق کی حفاظت اور فلاح و بہبود کو فروغ دینا ہے۔ رجسٹریشن کم بیداری کیمپ ہر ضلع میں قومی شاہراہ، ریلوے سٹیشنوں، ٹرانسپورٹ یارڈوں، منڈیوں، یونین دفاتر اور دیگر مقامات اور سی ایس سی کے ساتھ لگائے گئے تھے۔ٹرک ڈرائیور ملک کی لیبر فورس کا ایک اہم جزو ہیں۔ تاہم، ان میں سے زیادہ تر کو سماجی تحفظ کے فوائد نہیں ملتے ہیں اور انہیں بہت سے چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اُن کے حقوق کے تحفظ کے لئے، قومی انسانی حقوق کمیشن (این ایچ آر سی) نے ٹرک ڈرائیوروں کے اِنسانی حقوق کے تحفظ کے لئے ایک ایڈوائزری جاری کی تھی۔ ایڈوائزری میں لاجسٹکس اور ٹرانسپورٹیشن شعبے میں ٹرک ڈرائیوروں کے اہم کردار اور اِی۔ شرم پورٹل پر اُن کی رجسٹریشن سمیت ان کی مجموعی فلاح و بہبود کے لئے حکومت کی طرف سے اُٹھائے جانے والے اقدامات پر زور دیا گیا ہے۔اِی۔ شرم پورٹل غیر منظم مزدوروں کا قومی ڈیٹا بیس ہے۔ اِی۔ شرم پورٹل پر رجسٹریشن کے بعد ہر غیر منظم کارکن کو ایک منفرد بارہ (12) ہندسوں کا یونیورسل اکاؤنٹ نمبر (یو اے این) تفویض کیا جاتا ہے۔ یو اے این نمبر ایک مستقل نمبر ہے یعنی ایک بار تفویض ہونے کے بعدیہ کارکن کی زندگی بھر کے لئے تبدیل نہیں ہوگا۔ اِی ۔شرم پورٹل پر رجسٹریشن سے حکومت کو یہ یقینی بنانے میں مدد ملے گی کہ ٹرک ڈرائیوروں سمیت غیر منظم کارکن پردھان منتری جیون جیوتی بیمہ یوجنا (پی ایم۔جے جے بی وائی)، پردھان منتری سرکشا بیمہ یوجنا (پی ایم۔ایس بی وائی)، پردھان منتری شرم یوگی مان دھن (پی ایم۔ایس وائی ایم) کے تحت بڑھاپے کے تحفظ اور مزدوروں کے لئے دیگر فلاحی اَقدامات جیسے سماجی تحفظ کی سکیموں کا فائدہ اُٹھا سکیں۔اَب تک جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے 21,000 سے زیادہ ٹرک ڈرائیوروں نے اِی۔ شرم پورٹل پر رجسٹریشن کیاہے اور باقی ٹرک ڈرائیوروں کی رجسٹریشن کی سہولیت کے لئے رجسٹریشن کی مہم جاری رہے گی۔لیبر کمشنر جموں و کشمیرنے ٹرک ڈرائیوروں پر زور دیا ہے کہ وہ اَپنے ساتھی ڈرائیوروں اور معاونین کے ساتھ اِی۔ شرم پورٹل پر خود کو فعال طور پر رجسٹر کریں۔