Shaleen Kabra reviews flood preparedness-3

شالین کابرا نے جموں وکشمیر میں سیلاب کی تیاریوں کا جائزہ لیا

سری نگر / / ایڈیشنل چیف سیکرٹری جل شکتی محکمہ شالین کابرا نے جموں و کشمیر یوٹی میں سیلاب کی تیاریوں اور ردِّعمل کے جائزے کے بارے میں ایک میٹنگ کی صدارت کی۔اُنہوں نے میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے متوقع سیلاب سے نمٹنے کے لئے مؤثر حکمت عملی وضع کرنے پر زور دیا۔ اُنہوں نے اس صورتحال سے نمٹنے کے لئے مناسب ایس او پیز وضع کرنے پر زور دیا جہاں ہر متعلقہ فرد ہنگامی صورتحال میں اپنے کردار اور ذمہ داری سے پوری طرح واقف ہو۔ اُنہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے چوکس رہیں۔شالین کابرا نے کہا کہ ہر علاقے کا تفصیلی فلڈ میپنگ اور سیلابی نقشہ تیار کیا جائے تاکہ اس کے مطابق کام کیا جا سکے۔ اُنہوں نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ قدرتی آفات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لئے مناسب منصوبہ بندی کریں اور وسائل کو پیشگی طور پر متحرک کریں اور فلڈ ڈیوٹی چارٹ جاری کریں۔اُنہوں نے ایمرجنسی کی صورت میں اعلیٰ حکام کو رِپورٹ کرنے کا طریقۂ کار وضع کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ بروقت بچاؤ کے مناسب اَقدامات کئے جاسکیں۔دورانِ میٹنگ چیف اِنجینئر جل شکتی (آئی اینڈ ایف سی) جموں و کشمیر نے ایک پرزنٹیشن پیش کی اور محکمہ کی جانب سے اب تک کئے گئے کاموں کے بارے میں آگاہ کیا۔ اُنہوں نے محکمہ کے مستقبل کے منصوبوں کے علاوہ ہنگامی پلان بھی مرتب کیا جو اس نے ممکنہ صورتحال کے لئے وضع کیا ہے۔میٹنگ میں محکمہ کے پاس اس کے سٹوروں میں دستیاب سیلاب سے نمٹنے والی مختلف اشیأکے سٹاک کی پوزیشن بھی پیش کی گئی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ گیج سائٹس کی مانیٹرنگ کیلئے چوبیس گھنٹے کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں اور افسران کے ڈیوٹی روسٹر اور ان کے رابطہ نمبر بھی تیار کرکے سب کے درمیان معلومات کے لئے بھیج دئیے گئے ہیں۔میٹنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ اِنٹگر یٹیڈ آپریشنل فلڈ فورکاسٹنگ سسٹم (آئی او ایف ایس) سے جموں و کشمیر کے بڑے دریاؤں میں سیلاب کے لئے پیشگی وارننگ جاری کی جائے گی۔ آئی او ایف ایس ایک ویب۔جی آئی ایس ٹول ہے جو آئی ایم ڈی کے پیش گوئی کردہ موسمی اعداد و شمار پر تیار اور چلایا جاتا ہے اور پہلے سے طے شدہ وقفے پر اِنتباہی بلیٹن تیار کرتا ہے۔اِس سے ڈیزاسٹر رسک مینجرز اور ایجنسیوں اور بڑے پیمانے پر کمیونٹی کو آنے والی ہائیڈرو میٹرلوجیکل آفات کے بارے میں ابتدائی انتباہات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ندی نالوں کے اوپری حصے میں مانیٹرنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں تاکہ شدید بارش یا دریا بادل پھٹنے کی صورت میں بروقت وارننگ جاری کی جا سکے اور فیلڈ سٹاف کو آنے والے سیلاب کی صورت حال سے چوکنا رہنے اور ضرورت کے مطابق ضروری اقدامات کرنے کے لئے تیار کیا گیا ہے۔ میٹنگ میں سپیشل سیکرٹری (اے/این)محکمہ جل شکتی، ڈائریکٹر فائنانس جل شکتی محکمہ جموں و کشمیر، چیف اِنجینئرپی ایچ اِی ، آئی اینڈ ایف سی ، آر ٹی آئی سی جموں وکشمیر، متعلقہ سپراِنٹنڈنگ اِنجینئر، ایگزیکٹیو اِنجینئر، فلڈ زونل کمیٹی جموں ریجن/کشمیر ریجن کے ایگزیکٹو انجینئر، جے ٹی ایف آر پی ، متعلقہ ایگزیکٹویوانجینئر نے شرکت کی جبکہ آئوٹ سٹیشن اَفسرا ن نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ میں حصہ لیا۔