ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ نے پٹن کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے اِنتظامات کو حتمی شکل دی

بارہمولہ/ /ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ منگا شیرپا نے آج سب ڈویژن پٹن کا دورہ کیا اور اِنڈسٹریل ٹریننگ اِنسٹی چیوٹ (آئی ٹی آئی) پٹن کے افسران کے ساتھ ایک میٹنگ طلب کی تاکہ آئندہ محرم الحرام کے مہینے کو خوش اَسلوبی سے منانے اور اِنتظامات کا جائزہ لیا جاسکے۔دورانِ میٹنگ وہاں موجود وفود نے محرم الحرام کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے متعدد مسائل کا اظہار کیا جن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اُنہوں نے بالخصوص اہم ایام کے دوران پینے کے پانی اور بجلی ، مناسب طبی سامان اور مناسب راشن تک بلا تعطل رَسائی کی اہمیت پر زور دیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے شکایات اور مطالبات سننے کے بعد متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت دی کہ محرم الحرام کے دوران شیعہ اکثریتی والے علاقوں میں مناسب اِنتظامات کو یقینی بنایا جائے۔محکمہ پی ایچ اِی کو پانی کے ٹینکروں کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی جبکہ محکمہ پولیس کو مذہبی مقامات کی مجموعی سیکورٹی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی گئی۔مزید برآں،فوڈ اینڈ سپلائز ڈیپارٹمنٹ کو محرم الحرام کے لئے وافر مقدار میں راشن ذخیرہ رکھنے اور محکمہ پی ڈی ڈی کو چوبیس گھنٹے بجلی کی فراہمی جاری رکھنے کی ہدایت دی گئی۔ ضلع ترقیاتی کمشنربارہمولہ منگا شیرپا نے میونسپل حکام کو ہدایت دی کہ وہ امام بارگاہوں، زیارت گاہوں اور مساجد سمیت تمام مذہبی مقامات کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں جبکہ محکمہ صحت کو طبی سہولیات ہر وقت دستیاب رکھنے کی ہدایت دی گئی۔میٹنگ میں ایس ایس پی بارہمولہ امود ناگپورے، ایس ڈی ایم پٹن، دیگر ضلعی اور سیکٹورل افسران اور مختلف شیعہ آرگنائزیشنوں کے نمائندوں کے علاوہ دیگر متعلقین نے شرکت کی۔