’’ لبیک الھم لبیک ‘‘کی معطر صدائوں کے بیچ مناسک حج کا آغاز

آجحجاج کرام کی واپسی کے بعد قربانی ہوگی اور عازمین کا فریضہ حج مکمل ہو جائے گا

سرینگر // مناسک حج کے پہلے مرحلے میں لاکھوں عازمین لبیک الھم لبیک کی صدائیں بلند کرتے ہوئے منیٰ کیلئے روانہ ہوگئے جہاں وہ قیام کریں گے۔ عازمین حج بسوں کے ذریعے منیٰ پہنچیں گے۔سی این آئی کے مطابق حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ آج یعنی 15 جون کو ہوگا۔لاکھوں فرزندان توحید منیٰ میں قیام کے دوران عبادات کریں گے اور سنیچروار کو صبح وقوف عرفہ کیلئے میدان عرفات روانہ ہوں گے۔عرفات میں حج کا خطبہ سننے کے بعد ظہر اور عصر کی نماز ملا کر ادا کی جائے گی۔ مغرب سے قبل حجاج کرام مزدلفہ کی طرف روانہ ہوں گے اور وہاں مغرب اور عشا کی نماز اکٹھی پڑھیں گے۔ مزدلفہ میں حجاج کرام رمی جمرات کیلئے کنکریاں اکھٹی کریں گے۔اتوار کی صبح حجاج کرام واپس منیٰ روانہ ہوں گے اور رمی جمرات کریں گے جس کے بعد قربانی کی جائے گی اور عازمین کا فریضہ حج مکمل ہو جائے گا۔اس کے ساتھ ہی عازمین کا فریضہ حج مکمل ہو جائے گا جس کے بعد وہ اپنا سر منڈوا کر احرام کھول کر عام لباس پہنیں گے جب کہ خواتین اپنے چوتھائی سر کے بالوں کا انگلی کی ایک پور برابر بال کٹوائیں گی۔حجاج کرام 16 جون کو ہی بیت اللہ کے طواف کیلئے مکہ روانہ ہوں گے۔ 17 جون بروز سوموارکوحجاج کرام ایک بار پھر رمی جمرات کریں گے اور سارا دن اور رات عبادت میں گزاریں گے۔ 18 جون کو آخری بار تینوں شیطانوں کو کنکریاں مارنے کے بعد حجاج کرام مغرب ہونے سے پہلے منیٰ کی حدود سے نکل جائیں گے۔