نوجوانوںسے کھیلوں کو اَپنانے اور منشیات سے دُور رہنے کی اپیل کی
بڈگام//سپیکر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھر نے بڈگام کے تُجن میں ایک مقامی کرکٹ ٹورنامنٹ کا اِفتتاح کیا جس میں مختلف شہری اور دیہی علاقوں سے 32 سے زائد ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔اِس موقعہ پر اُنہوں نے حصہ لینے والے کھلاڑیوں، مقامی لوگوں ، منتظمین اور سرکاری حکام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل نوجوانوں کی ہمہ جہت شخصیت سازی میں بنیادی کردار اَدا کرتے ہیں۔ کھیلوں سے نظم و ضبط، ٹیم ورک، قائدانہ صلاحیت، ثابت قدمی اور صحت مند مسابقت کا جذبہ پروان چڑھتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی صحت اور ذہنی تندرستی کو فروغ دیتے ہیں بلکہ نوجوانوں کی صلاحیتوں اور کردار کی مثبت تعمیر کا بھی مؤثر ذریعہ ہیں۔سپیکرموصوف نے صحت مند ، نظم و ضبط اور ترقی پسند معاشرے کے قیام کے لئے کھیلوں کو فروغ دینے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں عالمی معیار کا کھیلوں کا بنیادی ڈھانچہ قائم کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ باصلاحیت نوجوان قومی اور بین الاقوامی سطح پر اَپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔اُنہوں نے کہا کہ کھیل اب محض تفریح تک محدود نہیں رہے بلکہ یہ باعزت روزگار اور عزت و وقار حاصل کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ بھی بن چکے ہیں۔ اُنہوں نے جموں و کشمیر کے متعدد ایسے کھلاڑیوں کا ذکر کیا جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کر کے نہ صرف اَپنا بلکہ پورے خطے کا نام روشن کیا۔سپیکر نے کہا کہ حکومت نچلی سطح پر کھیلوں کے فروغ کے لئے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے اور نوجوان کھلاڑیوں کو ضلعی، یو ٹی اور قومی سطح پر آگے بڑھنے کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے ئے پُرعزم ہے۔ اُنہوں نے والدین، اَساتذہ، سماجی رہنماؤں اور کھیلوں کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کو کھیلوں کو اَپنی زِندگی کا حصہ بنانے کی ترغیب دیں۔اُنہوں نے منشیات کے بڑھتے ہوئے رُجحان اور دیگر سماج دشمن سرگرمیوں پر تشویش کا اِظہار کرتے ہوئے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ان برائیوں سے مکمل اِجتناب کریں اور اَپنی توانائیاں کھیلوں اور دیگر مثبت سرگرمیوں میں صرف کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کو مقصدیت، خود اعتمادی اور مثبت سوچ فراہم کرتے ہیں اور انہیں معاشرے کی تعمیری خدمت کے لئے تیار کرتے ہیں۔سپیکر موصوف نے مقامی ٹیلنٹ کو اَپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنے پر منتظمین کی سراہنا کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ یہ ٹورنامنٹ کھیلوں کے جذبے، باہمی بھائی چارے اور صحت مند مقابلے کو فروغ دے گا اور مزید نوجوانوں کو کھیلوں سے وابستہ ہو کر صحت مند اور منشیات سے پاک زِندگی اِختیار کرنے کی ترغیب دے گا۔تقریب میں بڑی تعداد میں کھلاڑیوں، مقامی باشندوں، عوامی نمائندوں اور سرکاری اَفسران نے شرکت کی۔ سپیکر عبدالرحیم راتھر نے ایک کامیاب اور مسابقتی ٹورنامنٹ کے لئے تمام شریک ٹیموں کے لئے نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔










