چیف سیکرٹری نے ماتا کانتیا نی بھگوتی استھاپن ککرن میں دھرم شالہ کی بحالی ومرمت کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا

چیف سیکرٹری نے ماتا کانتیا نی بھگوتی استھاپن ککرن میں دھرم شالہ کی بحالی ومرمت کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا

کولگام// چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے ضلع کوضلع لگام کے ککرن میں ماتا کانتیانی بھگوتی استھاپن میں تاریخی دھرم شالہ کی بحالی اورمرمت کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔یہ بحالی منصوبہ محکمہ تعمیراتِ عامہ (آر اینڈ بی) ڈویژن ڈِی ایچ پورہ کے ذریعے عمل میں لایا جا رہا ہے جس کی تخمینہ لاگت 2.84 کروڑ روپے سے منظور کی گئی ہے ۔ اِس اَقدام کا مقصد دھرم شالہ کی مذہبی، ثقافتی اور تاریخی اہمیت کو محفوظ رکھتے ہوئے سیاحوں اور عقیدت مندوں کے لئے بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔چیف سیکرٹری نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے تاریخی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ اور عوامی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس منصوبے سے نہ صرف عقیدت مندوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی بلکہ مذہبی سیاحت کو بھی فروغ ملے گا اور خطے کی سماجی و اِقتصادی ترقی میں مدد ملے گی۔ اُنہوں نے معیار اور ورثے کے تحفظ کے اعلیٰ معیار کو یقینی بناتے ہوئے کام کی بروقت تکمیل کی ضرورت پر زور دیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام شہزاد عالم نے چیف سیکرٹری کو مجوزہ بحالی منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ ضلعی اِنتظامیہ تاریخی ورثے کے تحفظ اور ضلع بھر میں شہری سہولیات کی بہتری کے لئے مسلسل اَقدامات کر رہی ہے۔ڈائریکٹر آرکائیوز، آرکیالوجی اینڈ میوزیم جموں و کشمیر کلدیپ کرشن سدھا نے دھرم شالہ کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ آنے والے نسلوں کے لئے خطے کے قیمتی ورثے کے تحفظ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ دورے کے دوران چیف سیکرٹری نے کشمیری پنڈت کمیونٹی کے ارکان سے بھی بات چیت کی ۔ سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں سینئر سپراِنٹنڈنٹ آف پولیس کولگام عنایت علی چودھری ، ایڈیشنل ڈپٹی ڈیولپمنٹ کمشنر الطاف احمد خان، اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ، ایگزیکٹیو اِنجینئر پی ڈبلیو ڈِی (آر اینڈ بی) ڈویژن ڈِی ایچ پورہ، ضلعی اِنتظامیہ اور محکمہ تعمیراتِ عامہ کے دیگر اَفسران، کشمیری پنڈت کمیونٹی کے نمائندگان اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے ۔