ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کپواڑہ نے سٹرانگ روم کپواڑہ اور ڈسٹرکٹ الیکشن کنٹرول روم کا معائینہ کیا

کپواڑہ// ضلع الیکشن آفیسر (ڈی ای او) کپواڑہ آیوشی سوڈان نے آج ضلع میں آئندہ لوک سبھا اِنتخابات۔ 2024ء کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ضلع اِنتظامیہ کی طرف سے قائم کی گئی مختلف اِنتخابی سہولیات کا معائینہ کیا۔ضلع الیکشن آفیسر کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کپواڑہ محمد رئوف رحمان تھے۔اِس موقعہ پر ڈی ای او نے سٹرانگ روم کپواڑہ کا معائینہ کیا اور اس کے کام کاج کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے اِنفارمیشن آفس کپواڑہ میں قائم ڈسٹرکٹ الیکشن کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور اس کے بہتر کام پر اطمینان کا اِظہار کیا۔اُنہوں نے معائینے کے دوران دیکھی گئی مجموعی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اِنتخابی عمل کی سا لمیت اور شفافیت کو برقرار رکھنے کے لئے الیکشن کمیشن آف اِنڈیا کے مقررہ معیارات پر عمل درا ٓمدکو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف اِنتخابات کے اِنعقاد کے لئے اِنتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیاجس میں ہر اہل شہری اعتماد اور آسانی کے ساتھ اَپنے جمہوری حق کا اِستعمال کر سکتا ہے۔اِس موقعہ پر ڈی ای او نے متعلقہ محکموں کے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ لوک سبھا اِنتخابات کے پُرامن اِنعقاد کے لئے تمام تر کوششیں بروئے کار لائیں۔