سحری و افطار کے ساتھ ساتھ دن بھر غیر شیڈول کٹوتی سے صارفین پریشان
سرینگر//ماہ مبارک کے مقدس ایام میں بھی شہر سرینگر سمیت وادی میں بجلی بریک ڈائون کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ شام ہوتے ہیں ہر سو اندھیرا چھاجاتا ہے اور سڑکوں پر جیسے اُلو بولتے ہیں ۔مقدس ایام میں سحری اور افطار کے وقت کے ساتھ ساتھ دن بھر بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہتی ہے جس کی وجہ سے صارفین پریشانیوں کا سامناکررہے ہیں۔وائس آف انڈیا کے مطابق ماہ رمضان کے متبرک ایام کے دوران گرچہ انتظامیہ نے بجلی کی بلا خلل سپلائی کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ محکمہ کو ہدایت کی ہے تاہم اس کے باوجود بھی سحری اور افطار کے اوقات اور دن میں بھی غیر اعلانیہ کٹوتی کا سلسلہ جاری ہے ۔ صارفین کے مطابق وادی کشمیر میں ماہ رمضان شروع ہونے کے ساتھ ہی بجلی بریک ڈائون شروع کیا گیا جو ہنوز جاری ہے اور شہر سرینگر سمیت دیگر قصبہ جات میں برقی رو نایا ب بنائی گئی ہے ۔ ایک گھنٹہ بجلی چالو رہنے کے بعد اگلے تین چار گھنٹوں تک بجلی بند رکھی جاتی ہے اور جس گھنٹے بجلی فراہم کی جاتے ہیں اس کی وولٹیج اس قدر قلیل ہوتی ہے کہ اس کی روشنی میں انسان پہنچاننا بھی دشوار بن جاتا ہے ۔ خاص کر سحری اور افطاری کے اوقات بجلی بار بار کاٹ دی جاتی ہے ۔ شہر سرینگر کے مختلف علاقوں جن میں رام باغ، کرسو راجباغ، ٹنکی پورہ، گائو کدل اور دیگر علاقوںمیں صبح و شام تین تین گھنٹوں بجلی بند رکھی جارہی ہے جبکہ دن میں بھی کئی گھنٹوں سپلائی کو منقطع رکھا جاتا ہے ۔ اس کے علاوہ شہر خاص کے رعناواری، خانیار، نوہٹہ، گوجوارہ اور دیگر علاقوں کے لوگوںنے بھی شکایت کی ہے کہ محکمہ بجلی نے بغیر اعلان کئے ہی کٹوتی شیڈول پر عمل کرنا شروع کیا ہے ۔ اس دوران پائین شہر جس میں صورہ ، بژرہ پورہ، احمد نگر، گلا ب باغ، حضرتبل، تیل بل، نشاط، برین ،وغیرہ علاقہ جات شامل ہیں بجلی کی نایابی سے لوگ پریشان ہیں ۔ اسی طرح دیگر قصبہ جات سے بھی اطلاعات مل رہی ہے کہ ماہ رمضان کے ان مقدس ایام میں بجلی بریک ڈاون سے لوگ پریشان ہوگئے ہیں ۔ سرحدی ضلع کپوارہ کے ترہگام ، کرالپورہ، ہائین ، زچلڈارہ، لولاب ، دیور، اور دیگر علاقوں میں بجلی نہ ہونے کے برابر ہیں ۔ جبکہ ضلع بارہمولہ کے رفیع آباد، کاچہامہ،ڈھنگی وچھہ، ڈانگر پورہ، اور دیگر علاقوں کے لوگوںنے بھی اسی طرح کی شکایات کی ہیں ۔ جبکہ سوپور کے تارزو، زینہ گیر ، اور دیگر علاقوں میں بھی بجلی نہ ہونے کے برابر ہیں ۔لوگوں نے اس سلسلے میں ایل جی منوج سنہا اور چیف سیکریٹری کے علاوہ صوبائی کمشنر سے اپیل کی ہے کہ وہ ماہ رمضان خاص کر سحری اور افطاری کو بجلی کی بلا خلل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اُٹھائیں۔










