جموں//چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے جموںوکشمیر یوٹی میں ایڈمنسٹریٹیوریفارمز،اِنسپکشنز اینڈ ٹریننگز (اے آر آئی اور ٹریننگ) محکمہ کے کام کاج کا تفصیلی جائزہ لیا۔میٹنگ میں سیکرٹری اے آر آئی اور ٹریننگز کے علاوہ محکمہ کے سربراہان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ دورانِ میٹنگ چیف سیکرٹری نے محکمے کے کام کاج ، اِنتظامی معائینے، بھرتیوں کے قواعد کو حتمی شکل دینے اور پرنٹنگ سروسز کو مختلف سرکاری محکموں و اِداروں تک پہنچانے کے حوالے سے گذشتہ ایک سال کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔اَتل ڈولونے مشاہدہ کیا کہ محکمہ کے پاس کچھ اہم انتظامی ذمہ داریاں ہیں جن کو نبھانا ہے۔ اُنہوں نے ہم آہنگی کی ضروریات کے مطابق معائینے کرنے کے لئے تازہ ترین پروفارما وضع کرنے کے لئے کہا۔ اُنہوں نے مارکیٹ میں جدید رجحانات کے مطابق اِنتظامی سیٹ اَپ اور مشینری میں تبدیلیاں کرنے پر بھی زور دیا۔سیکرٹری اے آر آئی اینڈ ٹریننگ شبنم کاملی نے پرزنٹیشن کے ذریعے گزشتہ برس محکمہ کی جانب سے کئے گئے مختلف کاموں پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے بتایا کہ 57 دفاتر کا اِنتظامی معائینہ کیا گیا ہے اور وقتاً فوقتا ًمتعلقہ اِنتظامی محکموں کو رِپورٹ پیش کی جاتی ہے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ کیلنڈر سال کے لئے معائینہ کا شیڈول مطلع کیا جاتا ہے۔ یہ بھی انکشاف کیا گیا کہ رنبیر پریس جموں اور گورنمنٹ پریس سری نگر کو ملٹی کلر پرنٹنگ، ہائی ٹیک کمپیوٹر ٹو پلیٹ (سی ٹی پی) مشین، بار کوڈِنگ، کیو آر پرنٹنگ اور ڈیٹا ویری ایبل آپریشن جیسی سہولیات سے لیس کیا گیا ہے۔میٹنگ میں بجٹ کے اجرأ اور اَب تک کے اخراجات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اِس میںجموں اور سری نگر میں دونوں سرکاری پریسوں کے ذریعہ حاصل ہونے والی آمدنی کا بھی نوٹس لیاگیا۔ اِس میں بھرتی کے قواعد کو حتمی شکل دینے اور اس کے لئے قائمہ کمیٹی کے سامنے ان کی تعیناتی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔










