Deaths of electrical workers continue after electrocution

بجلی کرنٹ لگنے کے بعد بجلی ملازمین کی اموات کا سلسلہ جاری

رواں برس اب تک 4ملازمین دوران ڈیوٹی اپنی جانوں سے ہاتھ دھوبیٹھے

سرینگر//رواں برس اب تک متعدد بجلی ملازمین کرنٹ لگنے کے بعد فوت ہوئے ہیں جبکہ یہ سلسلہ عرصہ دراز سے جاری ہے اور گزشتہ دس برسوں کے دوران سینکڑوں ملازمین اس طرح سے برقی رو کی زد میں آکر اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ رواں برس اب تک بجلی کرنٹ لگنے کی وارداتوںمیں قریب 4 ملازمین فوت ہوئے ہیں ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق وادی کشمیر میں بجلی ملازمین کرنٹ لگنے سے فوت ہونے کے واقعات میں اب تک متعدد ملازمین از جان ہوئے ہیں ۔ تازہ واقعے میں وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع کے ماگام قصبے میں ایک مستقل سرکاری ملازم جو پانچ بیٹیوں کا باپ تھا بجلی کا کرنٹ لگنے سے ہلاک ہو گیا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں لائن مین کے طور پر کام کرنے والے فاروق احمد وانی (36) ماگام قصبے میں ایچ ٹی لائن کی مرمت کے دوران بجلی کا جھٹکا لگنے کے بعد بجلی کے کھمبے سے گر گئے۔وانی کو علاج کے لیے سب ڈسٹرکٹ اسپتال ماگام لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے جے وی سی اسپتال بمنہ سری نگر ریفر کردیا۔ وہ ہسپتال پہنچنے کے کچھ دیر بعد ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ ڈاکٹروں کے مطابق وانی کو بجلی کا جھٹکا لگنے اور گرنے سے شدید چوٹیں آئیں۔پولیس تھانہ ماگام نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرلیا۔ مقتول سب ڈویژن بیروہ کے ہزار پورہ اریپنتھن گاؤں کا رہنے والا تھا۔وادی کشمیر میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے پی ڈی ڈی ملازمین کی موت ایک عام سی بات ہے۔گزشتہ ماہ، شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے کنزر علاقے میں ایک 52 سالہ PDD ملازم بشیر احمد خان بجلی کی تار کی مرمت کے دوران بجلی کا جھٹکا لگنے سے ہلاک ہو گیا۔ مقتول کے اہل خانہ نے ان کی موت کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملازم بجلی کی تار کی مرمت کے دوران کسی طریقہ کار پر عمل نہیں کیا گیا۔ ان کا الزام تھا کہ متاثرہ کو حفاظتی آلات بھی فراہم نہیں کیے گئے۔اس واقعے کے دو دن بعد پی ڈی ڈی کے انسپکٹر امتیاز احمد کی سری نگر کے پارم پورہ علاقے میں بجلی کا جھٹکا لگنے سے اس وقت موت ہو گئی جب وہ مرمت کا کام کر رہے تھے۔اس سال جنوری میں، ہندواڑہ کے گنڈ چوبوتارا کرال گنڈ کے پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کا ایک عام مزدور محمد جمال ریشی ضلع بارہمولہ کے رفیع آباد علاقے میں ایک ٹرانسمیشن لائن کی مرمت کے دوران کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگیا۔