Lok Sabha Election 2024 DEO Baramulla holds a press conference

لوک سبھا الیکشن ۔2024ء ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر بارہمولہ نے پریس کانفرنس کی

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ایم سی سی رہنما خطوط پر سختی سے عمل کرنے پر زور

بارہمولہ//ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر بارہمولہ نے لوک سبھا اِنتخابات 2024 کے پیش نظر ڈاک بنگلہ میں ایک پریس کانفرنس کا اِنعقاد کیا تاکہ الیکشن کمیشن آف اِنڈیا کے ذریعہ طے کردہ رہنما خطوط کے ساتھ اِنتخابی ضابطہ اخلاق (ایم سی سی) کے دوران کرنے اور نہ کرنے کے بارے میں ضروری معلومات فراہم کی جائیں۔اُن کے ساتھ سینئر سپراِنٹنڈنٹ آف پولیس امود ناگپوری، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر سیّد قمر سجاد اور ایس پی سوپور دیویا دیو بھی موجودتھے۔ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد ملک بھر میں ایم سی سی کے نفاذ کے بارے میں میڈیا کو آگاہ کیا اور اِس بات پر زور دیا کہ سرکاری ملازمین ، سیاسی جماعتوں کے اَرکان اور کسی بھی عام شہری سمیت ہر فرد کے لئے انتخابی مدت کے دوران ان ہدایات پر سختی سے عمل کرنا لازمی ہے۔اُنہوں نے پریس کو یقین دِلایا کہ ضلعی اِنتظامیہ مکمل طور پر تیار ہے اور الیکشن کمیشن کے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق اِنتخابات کے بغیر کسی رُکاوٹ کے اِنعقاد کے لئے تمام ضروری اِنتظامات مکمل کئے گئے ہیں۔منگا شیر پا نے ووٹنگ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ اَپنا ووٹ ڈال کر اپنا جمہوری حق اِستعمال کریں۔ایس ایس پی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس ضلع میں آزادانہ اور منصفانہ اِنتخابات کے اِنعقاد کے لئے ماحول کو سازگار بنانے کے لئے ہر ممکن حفاظتی اَقدامات کر رہا ہے۔اِس سے قبل ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے ایس ایس پی، اے ڈی ڈی سی اور ایس پی کے ہمراہ ڈاک بنگلہ میں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی تاکہ اُنہیں الیکشن کمیشن آف اِنڈیا (ای سی آئی) کی طرف سے لازمی ہدایات کے بارے میں آگاہ کیا جاسکے اور ہر سیاسی ادارہ ان رہنما اصولوں پر سختی سے عمل کرے، ایک منصفانہ، شفاف اور جمہوری اِنتخابی عمل کو یقینی بنائے۔