خلاف ورزی کرنے والے سے 10000 روپے جرمانہ وصول
سرینگر/// ڈپٹی کمشنر کولگام کی ہدایت پر، تحصیلدار کولگام بلال احمد (جے کے اے ایس) کی سربراہی میں ایک ٹیم نے فوڈ سیفٹی آفیسر اندرجیت سنگھ،انسپکٹر لیگل میٹرولوجی، محکمہ خوراک کے افسران کے علاوہ پولیس حکام کے ہمراہ مین بازار کولگام اور اس کے ملحقہ علاقوں میں مارکیٹ چیکنگ کی۔چیکنگ کا مقصد معیاری مصنوعات کی دستیابی کو یقینی بنانا اور بلیک مارکیٹنگ، ضروری اشیاء کی منافع خوری کو روکنا تھا۔وائس آف انڈیا کے نمائندے غلام نبی کھانڈے کے مطابق بازاروں کی چیکنگ کے دوران سبزیوں، پھلوں کی دکانوں کا معائنہ کیا گیا اور غیر صحت مند، بوسیدہ سبزیاں، پھل، معیاد ختم ہونے والی اشیاء کو موقع پر تلف کر دیا گیا، اس کے علاوہ 4 دکانوں کو سیل کر دیا گیا اور خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں اور اہلکاروں سے 10000 روپے کی رقم وصول کی گئی۔ دریں اثناء تحصیلدار کولگام نے مختلف محکموں کو ہدایت دی کہ وہ اس مقدس مہینے میں عوامی فائدے کے لیے کثرت سے مارکیٹ چیکنگ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پہلے ہی ایک اجلاس کی صدارت کی گئی تھی جس میں مارکیٹ چیکنگ کے حوالے سے بات چیت کی گئی تھی۔عام لوگوں نے پولیس اور سول انتظامیہ کی جانب سے بازاروں کے اس بروقت معائنہ کو سراہا ہے










