رمضان المبارک کے دوران بالخصوص سحری اور افطار کے اَوقات میں پانی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ اَفسران کو ہدایت
کولگام//ضلع ترقیاتی کمشنرکولگام اَطہر عامر خان نے رمضان المبارک کے اِنتظامات کا جائزہ لینے اور انہیں حتمی شکل دینے کے لئے آج متعلقہ افسران کی ایک میٹنگ طلب کی۔دورانِ میٹنگ ضلع ترقیاتی کمشنر نے جل شکتی اور کے پی ڈی سی ایل کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ رمضان المبارک کے دوران بالخصوص سحری اور افطار کے اَوقات میں صارفین کو پانی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے ٹائون اور بلدیہ علاقوں میں صفائی ستھرائی اور لائٹنگ پر زور دیتے ہوئے میونسپل کمیٹیوں کے ایگزیکٹیو اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ضلع میں خصوصی صفائی مہم شروع کریں جس میں سڑکوں ، گلیوں ، نالوں اور بازاروں سے کوڑاکرکٹ کو باقاعدگی سے اٹھانے اور اپنے متعلقہ قصبوں میں مزید لائٹس کی تنصیب پر توجہ مرکوز کی جائے۔اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ منافع خوری ، ذخیرہ اَندوزی اور دُکانداروں کی جانب سے زائد قیمت وصول کرنے پر نظر رکھنے کے لئے خصوصی مارکیٹ چیکنگ سکارڈ تشکیل دیں۔میٹنگ میں اے ڈی ڈی سی بشیر احمد وانی ، اے سی آر ، ایگزیکٹیو اِنجینئر جل شکتی، تحصیلدار، جل شکتی کے اے ای ای، پی ڈی ڈی، ای اوز، بھیڑ و پشو پروری کے افسران اور دیگرمتعلقین کے علاوہ اوقاف کمیٹی کے اراکین اور ٹریڈ یونین کے اراکین نے بھی شرکت کی۔










