بارہمولہ//ضلع ترقیاتی کمشنر و ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر بارہمولہ منگا شیر پا نے آئندہ لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں اے ڈی سی سوپور شبیر احمد رینہ اور ایس پی سوپور دیویا دیو کے ہمراہ آج سوپور سب ڈویژن کے اندر مختلف پولنگ سٹیشنوں کا جامع معائینہ کیا۔اِس دورے کا مقصد الیکشن کمیشن آف اِنڈیا کے رہنما خطوط پر عمل کرتے ہوئے تمام پولنگ کم سے کم یقینی سہولیات ( اے ایم ایف ) کی دستیابی کو یقینی بنانا تھا۔ ٹیم نے ہر مقام پر بنیادی ڈھانچے اور سہولیات کا بغور جائزہ لیا تاکہ رائے دہندگان کے لئے ووٹنگ کے عمل کو آسان اور مؤثر بنایا جا سکے۔تفصیلی معائینے میں متعدد ضروری پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا جن میں رَسائی، ریمپ کی دستیابی، صفائی ستھرائی کی سہولیات، پینے کے پانی اور بجلی کی فراہمی کی فراہمی شامل ہے اور کسی بھی کمی کی نشاندہی فوری طور پر متعلقہ محکموں کو کی گئی۔ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے دورے کے دوران خطاب کرتے ہوئے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف اِنتخابات کے اِنعقاد کے لئے سازگار ماحول کو یقینی بنانے کے لئے رائے دہندگان اور پولنگ عملے دونوں کو مناسب سہولیات فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔منگا شیرپا نے تیاریوں میں شامل تمام شراکت داروں کی کوششوں کو سراہا اور اِنتخابی مشق کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے تعاون جاری رکھنے پر زور دیا۔اُنہوں نے جمہوریت کے اصولوں کی برقرار رکھنے کے لئے اِنتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا اور تمام اہل شہریوں پر زور دیا کہ وہ جمہوری عمل کے ذریعے ملک کے مستقبل کی تشکیل کے لئے ووٹ کااپنا بنیادی حق اِستعمال کریں۔










