چیف سیکرٹری نے ای سی آئی کے دورے کے پیش نظر انتظامیہ کی طرف سے کئے گئے انتظامات کا جائیزہ لیا

جموں//اس ماہ کی 12 اور 13 تاریخ کو الیکشن کمیشن آف انڈیا ( ای سی آئی ) کے طے شدہ دورے سے پہلے چیف سیکرٹری مسٹر اتل ڈولو نے آج سول اور پولیس انتظامیہ کے ساتھ ایک میٹنگ کی تا کہ انہیں یہاں یو ٹی میں لوک سبھا انتخابات کا ہموار انعقاد کے بارے میں بتایا جا سکے ۔ میٹنگ کے دوران چیف سیکرٹری نے کہا کہ انتظامیہ کا مقصد عوام کی بڑے پیمانے پر شرکت کے ساتھ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانا ہے ۔ انہوں نے ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کریں کہ لوگوں کو اپنے جمہوری حقوق کے استعمال میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ مسٹر ڈولو نے محکمہ وار مسائل اٹھائے اور متعلقہ افراد سے ای سی آئی کی ہدایات کی تعمیل میں اب تک کئے گئے اقدامات کے بارے میں دریافت کیا ۔ انہوں نے ان میں سے ہر ایک سے کہا کہ وہ انتخابات سے پہلے کے وقت کو موثر طریقے سے استعمال کریں تا کہ ان رہنما خطوط کو زمینی سطح پر لاگو کیا جا سکے ۔ اس موقع پر چیف الیکٹورل آفیسر ( سی ای او ) پی کے پولے نے میٹنگ کو مختلف محکموں کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں بتایا ۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں تعلیمی اداروں میں انتخابی خواندگی کی مہم کا انعقاد کیا جائے گا اور کالجوں اور یونیورسٹیوں میں کیمپس ایمبیسیڈر کا تعین کیا جائے گا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ای سی آئی کے رہنما خطوط کے مطابق ہر پولنگ اسٹیشن کو بہترین سہولیات کی یقین دہانی کرائی جانی چاہئیے ۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ہر پولنگ اسٹیشن میں بیت الخلاء ، ریمپ ، بجلی ، پینے کا پانی اور فرنیچر جیسی سہولیات ہونی چاہئیں ۔ میٹنگ کے دوران یہ بھی انکشاف کیا گیا کہ کالجوں اور یونیورسٹیوں میں ووٹر ایجوکیشن کو باقاعدہ نصاب میں شامل کرنے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں ۔ میٹنگ میں پولنگ اسٹیشنوں میں رابطے کے مسائل ، ان تک پہنچنے والی سڑکوں کے علاوہ ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جو انتخابی مشینری اور عملے کی نقل و حمل کیلئے یہاں یو ٹی میں انتخابات کے دنوں میں دستیاب ہیں ۔