آمڈزو، عشمقام بنیادی سہولیات سے محروم

علاقے میں سڑکوں کی حالت انتہائی خستہ ، بجلی ، پانی ندارد

سرینگر//جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کا خوبصورت علاقہ آمڈزو، عشمقام کے رہائشی آج کے اس ترقی یافتہ اور سائنسی دور میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ علاقے میں سڑکوں کی حالت انتہائی خستہ ہے وہیں نالہ پر بنا لکڑی کا عارضی پل علاقے میں بنیادی سہولیات کے فقدان کی زبوں حالی خود بیان کر رہا ہے۔ آمڈزو، عشمقام کے باشندوں نے وائس آف انڈیا کے نمائندے امان ملک کو بتایا کہ ’’آمڈزو علاقہ جنوبی کشمیر کے خوبصورت ترین علاقوں میں سے ایک ہونے کے باوجود سرکار کی نظروں سے اوجھل ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ سینکڑوں نفوس کی آبادی پر مشتمل علاقے میں لوگوں کو بنیادی ضروریات کے فقدان کے باعث گونا گوں پریشانیوں سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔ آمڈزو، عشمقام میں برسوں قبل نالہ پر لکڑی کا ایک عارضی پل تعمیر کیا گیا جو مقامی باشندوں کے مطابق ’’مال میویشوں کے ساتھ ساتھ انسانی جانوں کے زیاں کا سبب بن چکا ہے۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں بنیادی ضروریات کے فقدان خصوصا نالہ پر پل تعمیر کئے جانے سے متعلق انتظامیہ سے کئی بار رجوع کیا گیا۔ مقامی باشندوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا: ’’انتظامیہ سمیت عوامی منتخب نمائندوں نے ہر بار صرف سبز باغ ہی دکھائے۔‘‘ لوگوں نے حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ افسران، منتخب عوامی نمائندوں نے ہر بار یقین دہانیوں سے کام لیا، لوگوں کو آرام پہنچانے کے لیے کبھی ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات نہیں اٹھائے۔مقامی باشندوں نے ضلع انتظامیہ سے گزارش کی ہے کہ علاقے میں پل کو جلد از جلد تعمیر کیا جائے تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ دریں اثناء￿ ، علاقے میں دیگر بنیادی ضروریات کے حوالے سے مقامی باشندوں نے دعویٰ کیا کہ ’’یہاں سڑکوں کا کوئی نام و نشان نہیں، کچی اور خستہ حال سڑکیں برسوں سے تعمیر و مرمت کی منتظر ہیں، تاہم انتظامیہ کی جانب سے سڑکوں کی مرمت کے حوالے سے ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے۔