Nayeem Ul Haq

وادی میں موسم میں متواتر بہتری اور درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ

10مارچ تک موسم کی صورتحال میں کوئی واضح تبدیلی نہیں ہوگی ۔ محکمہ موسمیات

سرینگر//وادی کشمیر میں بدھ کے روز دوپہر تک مطلع ابر آلودرہنے کے بعد بادلوں کی اوٹ سے سورج نکل آیا جس سے موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ ساتھ درجہ حرارت میں بھی اضافہ دیکھنے کو ملا ۔جبکہ عصر کے بعد پھر آسمان پر بادل چھانے لگے ۔ ادھر سرینگر سمیت وادی کے تمام اضلاع میں شبانہ درجہ حرارت میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے ۔ اس بیچ وادی میں اگلے چند روز تک موسم کی صورتحال بہتر بنے رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اگلے کئی روز تک یعنی 10مارچ تک وادی میں نہ بارش اور ناہی برفباری کا امکان ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق سرینگر سمیت وادی بھر میں بدھ کو آسمان پر بادل چھائے رہنے کے درمیان، رات کے درجہ حرارت میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ بدھ کے روز مطلع دوپہر تک ابر آلود رہنے کے ساتھ ہی دوپہر کے بعد سورج بادلوں کی اوٹ سے نکل آیا جس کی وجہ سے موسم خوشگوار ہوا۔ دریں اثناء محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اگلے چند روز تک وادی بھر میں موسم بہتر رہنے کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ رات سرینگر میں کم از کم درجہ حرارت منفی 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ اسی طرح قاضی گنڈ میں گزشتہ رات منفی 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ اورپہلگام میں پچھلی رات منفی 4.0 ° C کے مقابلے میں منفی 2.9 ° C ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح جنوبی کشمیر میں بھی کوکرناگ میں گزشتہ رات منفی 1.7 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم از کم منفی 1.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ اس بیچ شمالی کشمیر کے سرحدی ضلع کپوارہ شہر میں گزشتہ رات منفی 1.7 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں منفی 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔گلمرگ میں گزشتہ رات منفی 9.5 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 6.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔وادی کشمیر کے ساتھ ساتھ جموں میں بھی درجہ حرارت میں بہتری آرہی ہے ۔ جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 7.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور یہ جموں و کشمیر کے سرمائی دارالحکومت کے لیے معمول سے 4.7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔اسی طرح بانہال میں کم سے کم درجہ حرارت 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ، بٹوٹ میں 4.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور بھدرواہ میں 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق جموں و کشمیر میں 10 مارچ تک موسم زیادہ تر خشک رہے گا۔