شیلندر کمار نے زراعت اور باغبانی محکموں کے ذریعے نافذ کردہ کیپکس ، ایچ اے ڈی پی اور سی ایس ایس کے تحت طبعی اور مالی کامیابیوں کا جائزہ لیا

سری نگر//پرنسپل سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار شیلندر کمار نے زرعی کمپلیکس لال منڈی میں ڈائریکٹروں ، صوبائی سربراہوں ، سکیم سربراہوں ، چیف ایگری کلچر و ہارٹی کلچراَفسران ، محکمہ زراعت اور باغبانی کے سیکٹورل افسران کی میٹنگ طلب کی اور مختلف مرکزی معاونت والی سکیموں والی مختلف سکیموں سی ایس ایس ، کیپکس اور جامع زرعی ترقیاتی پروگرام ( ایچ اے ڈی پی) کے تحت طبعی اور مالی کامیابیوں کا جائزہ لیا۔دورانِ میٹنگ محکمہ زراعت اور باغبانی کی طرف سے عملائی جانے والی مختلف مرکزی معاونت والی سکیموں بشمول آر کے وِی وائی ، ایم آئی ڈی ایچ ، اے ٹی ایم اے ، این ایف ایس ایم ، پی ایم کسان ، سوئیل ہیلتھ کارڈ سکیم ، کے سی سی سکیم وغیرہ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ میٹنگ میں جامع زرعی ترقیاتی پروگرام ( ایچ اے ڈی پی)کے تحت منصوبوںکی عمل آوری پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔شیلندر کمار نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مرکزی معاونت والی سکیموں ، ایچ اے ڈی پی اور کیپکس کے تحت منصوبوں کے تحت فنڈز کے تیز رفتار اور منصفانہ خرچ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ مرکزی معاونت والی سکیموں کے مختلف حصوں کے تحت مختص فنڈز کو مقررہ مدت میں خرچ کیا جانا چاہئے۔اُنہوں نے تمام اَخراجات کے دوران شفافیت اور جواب دہی کی اعلیٰ ترین سطح کو برقرار رکھنے کی اہمیت کا اعادہ کیا۔پرنسپل سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ ضلعی سطح پر مختلف اقدامات پر عملدرآمد کے دوران ضلعی انتظامیہ کے ساتھ قریبی تال میل میں کام کریں۔ اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ہر علاقے کے کسانوں تک پہنچیں اور اُنہیں زراعت اور باغبانی شعبے میں جدید ترین کسان دوست ٹیکنالوجیوں سے آگاہ کریں۔ اُنہوں نے افسران سے کہا کہ وہ نچلی سطح پر مختلف سکیموں کے کامیاب عمل آوری کے لئے مقامی کمیونٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ مل کر کام کریں۔میٹنگ میں ڈائریکٹر زراعت کشمیر، ڈائریکٹر ہارٹی کلچر کشمیر، جوائنٹ ڈائریکٹران، ڈپٹی ڈائریکٹران، متعلقہ اَضلاع کے چیف ایگری کلچر و ہارٹی کلچر اَفسران اور محکمہ زراعت و باغبانی کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔