سری نگر//سی ایس سی۔ایس پی وی مہم کے ایک حصے کے طور پر اَمر سنگھ کالج سری نگر میں ’’ہمارا سمودھان ہمارا سمان‘‘ کے بینر تلے یو ٹی سطح کا ایک اہم ’ٹیلی لأ کم میلہ‘ منعقد کیا گیا۔ یہ تقریب نہ صرف جمہوریہ کے طور پر ہندوستان کے 75 ویں سال کی یاد مناتی ہے بلکہ ’’جن سیوا جنتا کے دوار‘‘ عوام کی اُن کی دہلیز پر خدمت کی اَقدار کو بھی فروغ دیتی ہے۔اِس پروگرام میں چیف جسٹس جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ جسٹس این کوٹیشور سنگھ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ سی ایس سی۔ایس پی وِی مہم کے دیگر شرکأ میں پرنسپل امر سنگھ کالج شیخ اعجاز بشیر، جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے رجسٹرار جوڈیشل فاروق احمد بٹ،سیکرٹری ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اَتھارٹی سری نگر جہانگیر احمد بخشی،ہیڈ سی ایس سی ۔ ایس پی وِی شاہنواز رشید، ڈی ایل ایس اے سرینگر کے سٹاف ممبران، کالج کے فیکلٹی ممبران، پینل وکلاء، وِلیج لیول اَنٹرپرینیورز، امر سنگھ کالج کے طالب علم شامل تھے۔چیف جسٹس نے سب کے لئے اِنصاف کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے ٹیلی لأکو معاشرے کے پسماندہ طبقوں تک پہنچنے کا ایک اِختراعی ذریعہ قرار دیا۔ اُنہوں نے ضلع اور پنچایت کی سطح پر اس طرح کی ورکشاپوں کو جاری رکھنے پر زور دیا تاکہ سبھی کے لئے اِنصاف تک وسیع پیمانے پر رسائی کو یقینی بنایا جاسکے۔ اُنہوں نے آئینی اور قانونی دفعات پر بھی زور دیا جو حکام کو معاشرے کے پسماندہ اور کمزور طبقوں کی مدد کرنے کا پابند بناتی ہے۔اس سے قبل سیکرٹری ڈی ایل ایس اے سی نگرنے اَپنے اِفتتاحی کلمات میں ٹیلی لأ پہل کے اہم کردار کو اُجاگر کیا اور ’’سب کے لئے اِنصاف‘‘ کے پختہ عزم کا مظاہرہ کیا۔ اُنہوں نے ٹیکنالوجی کے اِستعمال سے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے اَفراد کو قانونی معلومات اور معاونت تک رَسائی فراہم کرکے اِنصاف کے خلا کو پُر کرنے میں اَپنے کردار پر زور دیا، قانونی مشاورت، آن لائن تنازعات کے حل اور آگاہی مہموں کے ذریعے پسماندکمیونٹیوں کو بااِختیار بنایا اور اس طرح سب کے لئے اِنصاف تک مساوی رَسائی کو فروغ دیا۔پرنسپل اَمر سنگھ کالج نے نچلی سطح پربالخصوص کالج کے طالب علموں میں قانونی بیداری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ایک اور جہت کا اضافہ کیا۔ اُنہوں نے ہندوستان کے آئین میں بیان کردہ اَپنے قانونی حقوق اور فرائض سے بخوبی واقف ہونے کی اہمیت پر زور دیا۔سربراہ سی ایس سی۔ایس پی وِی شاہنواز رشید نے اس اہم لمحے پر زور دیا جس میں ہم خود کو ایک جمہوریہ کے طور پر ہندوستان کے 75 ویں سال کا جشن منا رہے ہیں۔ اُنہوں نے گذشتہ سات برسوں کے مؤثر ٹیلی لأ سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اِجتماعی کوششوں نے ملک بھر میں 70 لاکھ سے زیادہ مستحقین کو اِنصاف فراہم کیا ہے جس میں جموںوکشمیر یوٹی میں 4 لاکھ سے زیادہ شامل ہیں۔اِس موقعہ پر چیف جسٹس نے ٹیلی لأ پر دو جامع کتابوںکو بھی جاری کیا۔ یہ ایک اِختراعی اَقدام ہے جس کا مقصد پسماندہ طبقات کوبذریعے ورچیول پلیٹ فارمز قانونی اِمداد فراہم کرنا ہے اور سی ایس سی ۔ ایس پی وِی کے اَفسران کو مبارک باد بھی دی ۔یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ سی ایس سی۔ایس پی وِی نے دُور دراز علاقوں میں ٹیلی لأ سینٹروں کوقائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے جس سے قانونی خدمات اور پسماندہ شہریوں کے درمیان فرق کو کم کیا جاسکتا ہے۔










