سیکرٹری صحت و طبی تعلیم نے مہم کا آغاز چلڈرن ہسپتال بمنہ سری نگر میں کیا
سری نگر//سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے نیشنل امیونائزیشن ڈے 2024ء مہم کا آغاز آج چلڈرن ہسپتال بمنہ سری نگر میں ڈائریکٹر فیملی ویلفیئر ایم سی ایچ اینڈ امیونائزیشن ڈاکٹر تبسم جبین اور محکمہ کے دیگر افسران و ملازمین کی موجودگی میں کیا۔ اُنہوں نے پلس پولیو کو کامیاب بنانے کے لئے ہیلتھ ورکروںکے کام کو سراہا۔ اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں زمینی سطح کے کارکنوں کے کام کی تعریف کرنی چاہئے جو آخری ڈلیوری پوائنٹ تک ٹیکہ کاری کو یقینی بنانے اَپنی جانیں خطرے میں ڈالتے ہیں۔اِسی طرح صوبہ جموں میں اس مہم کا آغاز سپیشل سیکرٹری صحت وطبی تعلیم امرجیت سنگھ اور ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں ڈاکٹر راکیش مگوترا نے جموں کے سرکاری ہسپتال گاندھی نگر میں کیا۔ اِفتتاحی تقریب میں محکمہ صحت اورطبی تعلیم کے اَفسران نے بھی شرکت کی۔ضلع ترقیاتی کمشنروں نے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹروں میں اِ س مہم کا اِفتتاح کیا۔مہم کے پہلے دن بوتھ سرگرمیاں شامل تھیںجس میں صفرسے 5 سال کی عمر تک کے 19,35,358بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے۔ دوسرے اور تیسرے دن ٹیمیں گھر گھر جا کر دورہ کریں گی تاکہ بوتھ کی سرگرمیوں کے دوران چھوٹ جانے والوں کی کوریج کو یقینی بنایا جا سکے۔ جموںوکشمیریوٹی میں کل 10,799 بوتھ تعینات کئے گئے ہیںجن میں 42,929 تربیت یافتہ ہیلتھ ورکرز،ویکسینیٹرز اور 2,169 سپروائزروںکے ساتھ ساتھ 549 موبائل اور 835 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔ مقررہ بوتھوں پر پلس پولیو کی خوراک کی کافی مقدار دستیاب کی گئی ہے ۔پہلے دن کے اختتام پر رِپورٹوں میں بتایا گیا کہ 16,81,808 بچوں (87فیصد) کو جموں و کشمیر یوٹی میں قائم بوتھوں پر پولیو کے قطرے پلائے گئے۔اگلے دو دن 4 اور 5 ؍مارچ، 2024 ء تک گھر گھر مہم جاری رہے گی جس میں پورے یونین ٹیریٹری کے تمام بچوں کے لئے صد فیصد حفاظتی ٹیکوں کی کوریج حاصل کرنے کی کوششیں تیز کی جائیں گی۔










