میں ڈاکٹروں اور روٹری کلب کے ممبران کو لوگوں کی بے لوث خدمت کرنے پر سلام پیش کرتا ہوں ۔ ایل جی سنہا
جموں ، راجوری ، پونچھ//لیفٹنٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے آج پونچھ اور راجوری میں روٹری کلب کے زیر اہتمام میگا ہیلتھ کیمپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ تربیت یافتہ ماہرین کے سرجیکل علاج کیلئے مکمل تعاون اور انتظامات فراہم کرنے اور سرحدی اضلاع میں ایک ہفتہ تک چلنے والے ہیلتھ کیمپ کے دوران 600 سے زائد سرجریوں اور دور دراز علاقوں کے لوگوں کو فائدہ پہنچانے میں نمایاں شراکت کی تعریف کی ۔ لیفٹنٹ گورنر نے کہا ’’ میں اپنے ڈاکٹروں اور روٹری کلب کے ممبران کو لوگوں کیلئے وقف اور بے لوث خدمات کیلئے سلام پیش کرتا ہوں ۔ ‘‘ انہوں نے محکمہ صحت کی طرف سے لاجسٹک فراہم کرنے اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ہر طرح کے تعاون کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ کوششوں نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ راجوری اور پونچھ کے لوگ بغیر کسی مالی بوجھ کے خصوصی سرجری کے فوائد حاصل کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے روٹری کلب پر زور دیا کہ وہ ڈوڈہ اور کشتواڑ کے لوگوں کیلئے اسی طرح کا خصوصی ہیلتھ کیمپ منعقد کرے ۔ ڈاکٹروں ، نرسنگ سٹاف ، روٹری کلب کے ممبران اور محکمہ صحت کے افسران کی ٹیم سے خطاب کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے جموں و کشمیر انتظامیہ کے تمام لوگوں کو معیاری ، سستی اور قابلِ رسائی صحت کی دیکھ بھال کی خدمات فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ لیفٹنٹ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی جی کی رہنمائی میں ہم نے یو ٹی میں صحت کے فرق کو ختم کرنے میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جدید ترین صحت کے بنیادی ڈھانچے ، ڈیجٹل مداخلتوں ، طبی تعلیم کے شعبے میں متعارف کرائی گئی اصلاحات اور اہم دیکھ بھال نے جے اینڈ کے یو ٹی کے صحت کی دیکھ بھال کے ماحولیاتی نظام کو مضبوط کیا ہے ۔ لیفٹنٹ گورنر نے کہا کہ ہم نے چار اہم پہلوؤں ڈاکٹرز ، ادویات ، تشخیص اور ترسیل کا طریقہ کار پر خصوصی توجہ دی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت اسکیم کے تحت انتظامیہ نے جنوری 2024 کے پہلے ہفتے تک شہریوں کے علاج پر کل 1735 کروڑ روپے خرچ کئے ہیں ۔ لیفٹنٹ گورنر نے سیکرٹری صحت اور سینئر حکام کو ٹیلی ایم اے این اے ایس جیسی سہولیات اور ہسپتالوں اور صحت کے مراکز میں ڈاکٹروں کی دستیابی کے بارے میں بڑے پیمانے پر بیداری پھیلانے کی ہدایت دی اور خاص طور پر دور دراز علاقوں میں ایمبو لینس سروس کے فوری رسپانس کو یقینی بنانے کیلئے ادارہ جاتی طریقہ کار وضع کیا جانا چاہئیے ۔ اس موقع پر ہیلتھ کیمپ سے مستفید ہونے والوں کے لواحقین نے بھی اپنے تجربات بیان کئے اور ڈاکٹرز ، روٹری کلب اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر سیکرٹری ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ، ڈپٹی کمشنر راجوری ، ڈپٹی کمشنر پونچھ ، روٹری کلب کے ارکان ، پرنسپل جی ایم سی راجوری ، ایچ او ڈیز ، ڈاکٹرز ، نرسنگ سٹاف اور سینئر افسران موجود تھے ۔










