پہلگام میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی جاری

انہدامی مہم کے تحت ایک درجن سے زائید ڈھانچے مسمار، تعمیراتی مٹیریل ضبط

سرینگر// مہشور سیاحتی مقام پہلگام میں غیر قانونی طریقے سے تعمیرات کھڑا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) نے آج کئی ڈھانچوں، مکانوں کومسمار کیا ہے۔ اس سلسلے میں چیف ایگزکیٹو آفیسر نے بتایا کہ لوگوں کو اگر کسی بھی ڈھانچے کی تجدید ومرمت کا کام انجام دینا ہوگا تو وہ محکمہ سے رابطہ کرکے باضابطہ اجازت نامہ حاصل کریں۔ انہوںنے کہا کہ کسی بھی جگہ نئی تعمیرات یا دریائے لدر کے کنارے تعمیر کھڑا کرنے پر محکمہ نے روک لگائی ہے جس پر سختی سے عمل کیا جارہا ہے۔ وائس آف انڈیا کے مطابق مورہ ، لنگن بل، ینڈ اور جاء بل میں غیر قانونی طریقے سے تعمیرات کھڑاکرنے کے خلاف محکمہ پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کارروائیاں جاری ہے۔ آج جمعرات کو بھی تازہ کارروائی میں چیف ایگزکیٹو آفیسر پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی طاریق احمد نایک کی قیادت میںں مورہ ، لنگن بل اور جائے بل میں ایک درجن سے زائید ڈھانچوں، مکانوں کو مسمار کیا گیا جس کو غیر قانونی طریقے سے تعمیرکیاجارہا تھا۔ اس کے علاوہ تعمیراتی مٹیریل بھی ضبط کیا گیا جو غیر قانونی طور پر استعمال کیا جا رہا تھا اس ضمن میں وی او آئی نمائندے امان ملک کے ساتھ چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او) پی ڈی اے طاریق احمد نایک نے بتایا کہ پہلگام میں کسی بھی طرح کی غیر قانونی تعمیراتی سرگرمی پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور اس کا اطلاق برابر کیاجارہاہے۔ انہوںنے کہاکہ البتہ اگرکسی بھی جگہ کسی کوبھی رہائشی یا تجارتی عمارت کی لازمی تجدید ومرمت کی ضرورت ہوگی تو وہ محکمہ کے پاس آئیں اور باضابطہ اجازت نامہ حاصل کریں۔ انہوںنے کہا کہ محکمہ لوگوں کے ساتھ کوئی ظلم نہیں کرے گا جس کو کسی بھی مرمت کی ضرورت ہوگی تو اس کو اجازت دی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ گزشتہ نو ماہ سے قریب پانچ سو اسی طرح کی درخواستوں کواجازت دی جاچکی ہے۔ انہوںنے نمائندے کو بتایاکہ لوگ درخواست لیکر آئیں اور غیر قانونی اور چوری چھپے کسی بھی طرح کی غیر قانونی تجاوزات کی تعمیر کوانجام نہ دیں۔