سیکرٹری صحت و طبی تعلیم نے جی ایم سی اننت ناگ کا دورہ کیا اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا

اننت ناگ// سیکرٹری صحت اور طبی تعلیم ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے آج ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ایس ایف حامد اور ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر کے ہمراہ جی ایم سی اننت ناگ اور رحمت عالم ہسپتال، ایم سی ایچ کا دورہ کیا ۔ اُنہوں نے مریضوں کے لئے دستیاب طبی سہولیات کا جائزہ لینے کے لئے ہسپتالوں کے تمام وارڈوں کاچکر لگا کر تفصیلی معائینہ کیا۔سیکرٹری نے دورے کے علاوہ جی ایم سی اور ایسوسی ایٹیڈ ہسپتالوں کی اِنتظامیہ کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت بھی کی جس میں جی ایم سی کے بڑے منصوبوں پر کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران سیکرٹری نے جی ایم سی اننت ناگ میںہیلتھ کیئر کے بنیادی ڈھانچے اور خدمات کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا جس میں مریضوں کی دیکھ ریکھ، بنیادی ڈھانچے، طبی آلات اور ہسپتال کی مجموعی آپریشنل کارکردگی پر توجہ مرکوز کی گئی۔اِس موقعہ پر ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے ڈاکٹروں اور دیگر عملے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ طبی سہولیات اعلیٰ ترین معیار پر پورا اُتریں اور ہم کمیونٹی کو صحت نگہداشت کی مؤثر خدمات فراہم کرنے کے قابل ہوں۔ اُنہوں نے ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ ہسپتال میں طبی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے خود کو پُر عزم کریں۔ اُنہوں نے طبی پیشہ ور اَفراد پر زور دیا کہ وہ مریضوں کے مؤثر انتظام کے لئے ہسپتال کے چکر لگائیں اور علاقے کے لوگوں کو اہم طبی خدمات فراہم کرنے میں ان کے کردار کو تسلیم کریں۔ دورے کے دوران سیکرٹری موصوف نے مریضوں کے وارڈوں ، ایمرجنسی وارڈوں ، ای آر آئی لیبارٹری ،ریڈی ایشن اونکولوجی لیبارٹری اور دیگر متعلقہ بنیادی ڈھانچے سمیت ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا اور ہر سہولیت کا منظم طریقے سے جائزہ لیا۔ بعد میں سیکرٹری نے پرنسپل جی ایم سی، سی ایم او، چیف اِنجینئر، پی ڈبلیو ڈی، جی ایم سی کے مختلف شعبوں کے سربراہان، جی ایم سی اور اس سے وابستہ ہسپتالوں کے میڈیکل سپراِنٹنڈنٹوں، تمام وِنگوں کے ایگزیکٹیو انجینئروں اور دیگر متعلقہ اَفسران کے ساتھ تفصیلی میٹنگ منعقد کی۔ ڈاکٹر عابد رشید نے میٹنگ میں اَفسران سے خطاب کرتے ہوئے اَفسران پر زور دیا کہ وہ جوش اور جذبے کے ساتھ کام کریں تاکہ جی ایم سی اننت ناگ جموں و کشمیر میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ادارہ صحت کے طور پر اُبھرے۔ اُنہوں نے جی ایم سی اور ایسوسی ایٹیڈ ہسپتالوں کی اِنتظامیہ پر زور دیا کہ وہ تمام ایجنسیوں اور طبی پیشہ ور افراد کے درمیان مکمل ہم آہنگی اور ٹیم ورک کو برقرار رکھیں تاکہ عوام کو مطلوبہ اور بہتر طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ڈاکٹر سیّدعابد رشیدشاہ نے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف پر زور دیا کہ وہ جی ایم سی اننت ناگ کو جموں و کشمیر میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والا صحت کا اِدارہ بنانے کے لئے جوش و جذبے اور ٹیم ورک کے ساتھ کام کریں۔ اُنہوں نے طبی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے ایجنسیوں اور طبی پیشہ ور اَفراد کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔سیکرٹری موصوف نے عوامی بہبود کو بنیادی مقصد کے طور پر اُجاگر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی ہسپتال کی کامیابی کا اندازہ عوامی توقعات پر پورا اُترنے سے کیا جاتا ہے اور طبی پیشہ ور اَفراد کے لئے وقت کی پابندی اور باشعور اوقات کار پر زور دیا گیا اور پرنسپل جی ایم سی کو ہدایت دی گئی کہ وہ اِنسٹی چیوٹ میں جدید تحقیق پر توجہ مرکوز کریں۔ سیکرٹری نے مریضوں کے بہتر انتظام کے لئے ایک میکانزم کرنے کی حوصلہ اَفزائی کی جس کا مقصد ہسپتال میں مریضوں کی راحت اور فلاح و بہبود ہے۔سیکرٹری نے اَپنے دورے کے دوران جی ایم سی اننت ناگ میں صحت دیکھ کرنے والے پیشہ ور افراد کے عزم اور لگن پر اطمینان کا اِظہار کیا ۔