کٹھوعہ// سیکرٹری سکولی تعلیم ڈاکٹر پیوش سنگلا نے آج کٹھوعہ میں بلاک برنوٹی کے فورلین کے گورنمنٹ ایچ آر سکیندری سکول میں ایک میگا پبلک دربار کی صدارت کی جس میں لوگوں کے مسائل اور مطالبات کو حل کیا گیا۔ سیکرٹری نے ضلع ترقیاتی کمشنر کٹھوعہ راکیش منہاس، ڈائریکٹر سکولی تعلیم اشوک کمار شرما، اے ڈی سی کٹھوعہ اَنکور مہاجن، سی پی او کٹھوعہ رنجیت ٹھاکر، محکموںکے سربراہان اور کٹھوعہ ضلعی اِنتظامیہ کے دیگر سینئر افسران کے ہمراہ عوام کے مسائل اور مطالبات سنے۔عوامی رَسائی پروگرام میں چیئرمین ڈی ڈی سی کرنل (ریٹائرڈ) مہان سنگھ ، پی آر آئی کے دیگر نمائندوں اور مختلف وفود نے بھی شرکت کی۔عوامی دربار میں عوام کی بھرپور شرکت دیکھنے میں آئی جنہوں نے اَپنے ترقیاتی مسائل پیش کرنے اور مداخلت کی اپیل کرنے کے موقعہ سے فائدہ اُٹھایا۔ وفود نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ مسائل کو حل کرنے اور سرکاری ذرائع کے ذریعے جلد اَزجلد حل کرنے پر زور دیا۔مروجہ شکایات میں سڑکوں کی بگڑتی ہوئی حالت، بجلی کی بے قاعدہ فراہمی، صحت کی ناکافی سہولیات اور صحت عامہ کے اداروں میں بہتری کی ضرورت جیسے چیلنجز شامل تھے۔ وفود کی طرف سے اُٹھائے گئے مخصوص مسائل میں سکول کے بنیادی ڈھانچے کی اَپ گریڈیشن ، عملے کی کمی ، مرکزی ودھیالیہ کی فراہمی ، علاقے کے لئے ڈگری کالج ، سکول اور کالجوں میں خالی فیکلٹی کو پُر کرنا شامل ہے۔چیئرمین ڈی ڈی سی مہان سنگھ نے کہا کہ عوامی دربار کا اِنعقاد عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لئے ایک بہترین اَقدام ہے جو اچھی حکمرانی کی مثال ہے جس کا مقصد عام لوگوں کی مشکلات کو کم کرنا ہے۔ اُنہوں نے کٹھوعہ کے پہاڑی اور الگ تھلگ علاقوں کی مزید سڑکیں بنانے کے علاوہ ہینڈ پمپوںکے ذریعے پینے کے پانی کی دستیابی کو بڑھانے کا مطالبہ بھی کیا۔ڈاکٹرپیوش سنگلا نے حاضرین کو یقین دِلایا کہ تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا جس کے بروقت حل کے لئے اَفسروںکو فوری ہدایات جاری کی گئیں۔اُنہوں نے سکولی عملے کی کمی کے معاملے کے حوالے سے یقین دلایا کہ آنے والے مہینوں میں سکول اساتذہ کے لئے ایک وسیع ریشنلائزیشن مہم کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ سکولوں میں اساتذہ کی دستیابی کو پورا کیا جاسکے۔ڈاکٹر پیوش سنگلا سکولی تعلیم محکمہ کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جدید تدریسی طریقہ کار کے مطابق سکول کے بنیادی ڈھانچے کو اَپ گریڈ کرنے کے لئے ماڈل سکول اور سمارٹ کلاس روموں جیسے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ محکمہ اہل افراد کو بروقت ترقیاں دینے کے لئے ڈی پی سی بھی منعقد کر رہا ہے۔اُنہوں نے عوامی دربار کے اقدام کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے شہریوں کی شکایات کو تیزی سے حل کرنے میں اس کے کردار پر زور دیا۔مزید برآں، انہوں نے محکموں کے سربراہان کو زیادہ سے زیادہ عوامی فائدے کو یقینی بنانے کے لئے حکومتی اقدامات اور سکیموں کو مؤثر طریقے سے فروغ دینے کی ہدایت دی۔










