ڈوڈہ// پرنسپل سیکرٹری ثقافت سریش کمار گپتا نے ڈسٹرکٹ لائیبریری ڈوڈہ کا دورہ کیا ۔ ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ اور محکمہ کے دیگر افسران بھی تھے ۔ اس دورے کا مقصد زائرین بالخصوص طلباء برادری کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائیزہ لینا تھا ۔ دورے کے دوران پرنسپل سیکرٹری نے لائیبریری کے مختلف حصوں کا معائینہ کیا جن میں ریڈنگ رومز ، سینئر سٹیزن سیکشن ، طلباء اور بچوں کے سیکشن شامل ہیں ۔ انہوں نے لائیبریری کے تاریخی مخطوطات کے مناسب تحفظ اور دیکھ بھال کی اہمیت پر زور دیا ۔ ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ نے پرنسپل سیکرٹری کو ڈوڈہ لائیبریری کے وسیع ذخیرے کے بارے میں آگاہ کیا جس میں 50000 سے زیادہ کتابیں ہیں جن میں سول سروس کے امتحانات ، جے ای ای ، اور این ای ای ٹی کیلئے مواد شامل ہے ۔ مزید براں پرنسپل سیکرٹری نے لائیبریری کے قارئین سے بات چیت کی جنہوں نے مختلف مسابقتی امتحانات اور ساؤنڈ پروفنگ وغیرہ مسائل سے متعلق تازہ ترین کتابوں کی ضرورت کا اظہار کیا ۔ پرنسپل سیکرٹری نے یقین دلایا کہ لائیبریری کے ذخیرے کو بہتر بنانے کیلئے ان کے تاثرات پر غور کیا جائے گا ۔










