بانڈی پورہ//جامع زرعی ترقیاتی پروگرام( ایچ اے ڈی پی)کے لئے ضلعی سطح کی عمل آوری کمیٹی( ڈی ایل آئی سی ) میٹنگ آج منی سیکرٹری بانڈی پورہ میں منعقد ہوئی۔ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ شکیل الرحمان راتھر کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے زراعت اور اِس سے منسلک شعبوں کے 356 معاملات کی منظوری دی۔کمیٹی نے زراعت کے 121، اینمل ہسبنڈری کے 184 اور سیری کلچر کے 51 معاملات کی منظوری دی۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر شکیل الرحمان راتھرنے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ بے روزگار نوجوانوں پر توجہ دیں اور معاملات کو اعلیٰ اَفسران تک پہنچانے سے قبل اہلیت کے تمام ضروری معیارات کو چیک کریں۔اُنہوںنے متعلقہ محکموں کو مقررہ مدت میں اہداف مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی۔میٹنگ میں چیف ایگری کلچر آفیسر جاوید احمد سامون، چیف ہارٹی کلچر آفیسر فاروق احمد، چیف اینمل ہسبنڈری آفیسر غلام احمد لون، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔










